• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس بے قابو، عالمی ادارہ صحت نے خطرے کی گھنٹی بجادی، ہلاکتیں 2366 ہوگئیں، 78 ہزار متاثر

کورونا وائرس بے قابو، عالمی ادارہ صحت نے خطرے کی گھنٹی بجادی


کراچی (نیوزڈیسک )عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے متعلق خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے امکانات کم ہو رہے ہیں، چین میں مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2366تک پہنچ گئی ہے جبکہ ایک روز میں مزید 109 افراد ہلاک ہوگئے ہیں ،کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 78ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ادھرایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 6ہوگئی ہیں ، ایرانی میئر بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگیا جبکہ اسرائیل کا دورہ کرنے والا جنوبی کوریا کے وفد کے 9ارکان میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ۔وفد نے مغربی کنارے سمیت دیگر مقامات کا دورہ کیا تھا،جنوبی کوریا کا مشہور برانڈ سام سنگ ایک ملازم میں کورونا کی تشخیص ہوجانے کے بعد پیر تک کیلئے بند کردیا گیا ہے ۔سعودی عرب نے جمعہ کی شام اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے مملکت میں مقیم ایرانی باشندوں کو واپس ایران جانے سے روک دیا گیا ہے۔سعودی عرب نے خبردار کیا ہے کہ جب تک کرونا وائرس کا خطرہ موجود ہے اس وقت تک کوئی ایرانی واپس نہیں جاسکتا۔ اگر کسی نے اس ضابطے کی خلاف ورزی کی تو اسے دوبارہ سعودی عرب میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔جی20وزرائے خزانہ کے اجلاس میں بھی کورونا کی گونج سنی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کورونا وائرس کے ایسے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا ہے جن کا چین سے براہِ راست یا دیگر تصدیق شدہ کیسز سے کوئی واضح تعلق نہیں ہے۔ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم کا یہ بیان ایران میں اس وائرس سے ہونے والی دو نئی ہلاکتوں کی تصدیق کے بعد سامنے آیا ہے۔ ایران میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 6ہو گئی ہے۔ان کا کہنا تھا یہ امکان کہ اس وائرس پر قابو پا لیا جائے گا ’کم‘ ہوتا جا رہا ہے۔‘ایرانی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ یہ وائرس شاید ایران کے تمام شہروں میں پہلے سے موجود تھا۔چین کے باہر 26 ممالک میں اس وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 1152 ہو چکی ہے اور مجموعی طور پر آٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس میں جنوبی کوریا میں ہلاک ہونے والے دو افراد بھی شامل ہیں۔ چین میں ہونے والی اموات اور جاپان کی کروز شپ کے علاوہ کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی سب سے بڑی تعداد جنوبی کوریا میں موجود ہے۔دوسری طرف سرکاری ایرانی ٹی وی چینل کا کہنا ہے کہ دارالحکومت تہران کے ضلع 13 کے ایک میئر میں کورونا وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے۔ ضلعی میئر مرتضی رحمان زادہ کو جمعے کے روز علالت کی وجہ سے ہسپتال منتقل کیا گیا تو اُن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔دریں اثنا جنوبی کوریا میں گزشتہ چار روز میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر اب 346 ہو گئی ہے۔

تازہ ترین