کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہریوں سے جمع ٹیکسز کی بندر بانٹ کے لئے اتھارٹیز بنائی جارہی ہیں، سپریم کورٹ نے کراچی کا ماسٹر پلان بنانے کے لئے کہا تھا، سندھ حکومت نے ماسٹر پلان اتھارٹی بنا دی، کراچی کے عوام دیکھیں کہ انہیں کس طرح تقسیم در تقسیم کیا جارہا ہے! کراچی کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، اسے مزید تقسیم کرکے مالی و سیاسی فائدے حاصل کئے جارہے ہیں،لانڈھی کورنگی نے نامور لوگ پیدا کئے،اب نوجوان نشے میں مبتلا ، پرہیز کریں۔ہفتے کو لانڈھی کورنگی چڑیا گھر میں نو تزئین شدہ مچھلی گھر کے افتتاح کے بعد ’’ روشن پاکستان ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی جو فنڈز جنریٹ کرتی ہے وہ شہر کے لئے ناکافی ہیں، حکومت سندھ سے جو فنڈز مل رہے ہیں وہ نہ ہونے کے برابر ہیں، کے ایم سی کا محدود وسائل میں یہ سہولتیں فراہم کرنا بڑی بات ہے، یہ شہر آپ کا ہے اور ہم سب کو مل کر اس کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے، لانڈھی کورنگی نے بہت سے نامور لوگ پیدا کئے لیکن اب ان علاقوں میں بچوں اور نوجوانوں کی کثیر تعداد نشے میں مبتلا ہورہی ہے جو تباہی کا راستہ ہے۔