برلن(این این آئی)جرمن شہر ہاناؤ میں پیش آنے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد ملک بھر میں مسلمانوں کی سکیورٹی میں اضافے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن وزیرداخلہ ہورسٹ زیہوفر نے کہا کہ یہ حملہ نسل پرستی سے مرعوب دہشت گردی کا واقعہ تھا۔ بتایا گیا کہ جرمن قوانین میں تو کوئی تبدیلی نہیں لائی جا رہی ہے، تاہم ملک بھر کی مساجد اور دیگر حساس مقامات کے علاوہ ریلوے اسٹیشنوں اور ہوائی اڈوں پر پولیس کی گشت میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اْدھر جرمن صوبے ہیسے کے انسدادِ جرائم کے محکمے نے بتایا کہ ہاناؤ میں فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں تین جرمن، ایک بلغارین، ایک رومانیہ اور دو ترک شہری تھے۔ اس کے علاوہ ایک مقتول بوسنیا جبکہ نواں ہلاک ہونے والا جرمنی اور افغانستان کی دوہری شہریتوں کا حامل تھا۔