• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کیخلاف جھوٹا پروپیگنڈا کرنیوالوں کو بے نقاب کیا جائے، ڈاکٹر محمد کامران

دی ہیگ (نمائندہ جنگ) پاکستانی نامور سائنسدان اور پاکستان تحریک انصاف نیدر لینڈز کے سیکرٹری انفارمیشن ڈاکٹر محمد کامران نے سوشلسٹ پارٹی کی سربراہ للیان مرینسن سے ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والے امن کے دشمنوں کو ہر فورم پر بے نقاب کیا جائے گا۔ انہوں نے للیان مرینسن کوپاکستان میں دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی کامیاب جنگ اور اس کی کامیابی سے ناخوش کچھ لوگوں کی طرف سے کیے جانے والے پاکستان مخالف پروپیگنڈہ سےآگاہ کیا۔ انہوں نے سوشلسٹ پارٹی کی سربراہ للیان مرینسن کو ایک خط پیش کیا جس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ہونے والے جانی اور مالی نقصان کا تفصیل سے ذکر کیا گیا۔ حال ہی میں پاکستان کا دورہ کرنے والے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹرریس نے نا صرف پاکستان کی طرف سے گزشتہ چار دہائیوں سے افغان مہاجرین کی بے مثال میزبانی کو سراہا بلکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاک فوج کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انھوں نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ گزشتہ دو دہائیوں میں دہشت گردی کا شکار رہنے کے بعد پاکستان میں امن قائم ہو چکا ہے اور یہ خوبصورت ملک سیاحت کی دنیا میں تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہا ہے اور یہ مثبت تبدیلی پاکستان کے دشمنوں کو کھٹک رہی ہے جس کی وجہ سے وہ پاکستان کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔ امن کے دشمن اور دہشت گردوں کے حمایتی یہ لوگ نیدرلینڈز سمیت یورپ کے دیگر ممالک میں پاکستان کے خلاف سرگرم عمل ہیں کیوں کہ پاکستان میں دہشت گردی کا نیٹ ورک ٹوٹنے سے یہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ یہ لوگ نیدر لینڈز اور دیگر یورپی ممالک کے لئے بھی خطرہ بن سکتے ہیں کیوں کہ ان لوگوں کے دہشت گرد تنظیموں سے قریبی تعلقات کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ ڈاکٹر کامران نے سوشلسٹ پارٹی کی سربراہ سے اپیل کی کہ پر امن ہونے کا ڈرامہ رچا کر ہمدردیاں حاصل کرنے والے ان شدت پسندوں کی سرگرمیوں اور ان کی مالی امداد کرنے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور ڈچ پارلیمنٹ کے ممبران کو ان لوگوں کی اصلیت سے آگاہ کیا جائے۔ للیان مرینسن نے ڈاکٹر کامران کا شکریہ ادا کیا اور خط کو تفصیل سے پڑھنے کے بعد دوبارہ رابطہ کر کہ اس بارے میں بات کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
تازہ ترین