• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کندیاں کا جنگل نوکریاں دے گا، اناج مہنگا ہونا ہماری غلطی، سابق حکمرانوں نے ملک کو دلدل میں پھنسایا، بڑی گرفتاریوں کا حکم دیدیا، اس سے کرپشن کم ہوگی، عمران خان

بڑی گرفتاریوں کا حکم دیدیا، اس سے کرپشن کم ہوگی، عمران خان


میانوالی(ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کندیاں میں جو پودے لگائے ہیں، اس جنگل کی ذمہ داری اب آپ لوگوں کی ذمہ داری ہے کیونکہ جب یہ جنگل لوگوں کو نوکریاں دے گا تو اس وقت آپ کو اس کی اہمیت کا اندازہ ہو گا‘ جنگلات ہی نوجوانوں کا مستقبل ہے‘ملک میں اناج کبھی مہنگانہیں ہونا چاہئے ‘یہ ہماری غلطی ہے۔

سابق حکمرانوں نے پاکستان کو قرض کی دلدل میں پھنسایا ، چین ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے مشکل میں ساتھ دیا‘بڑی گرفتاریوں کا حکم دیدیاہے ‘ امید ہے اس سے کرپشن کم ہوگی ‘میں جب بھی دیکھتا ہوں تو نوجوانوں نے بل گیٹس اور ڈونلڈ ٹرمپ کی کتابیں اٹھائی ہوتی ہیں کہ کیسے دولت بنانی ہے لیکن نبی کریمﷺ کے اسوہ حسنہ سے سیکھنے میں کامیابی ہے‘ایک بار میں نے کہا سکون تو قبر میں ہے جس پر میرے اس بیان کا مذاق اڑایاگیا‘ میں  نے ہمیشہ دل کی بات مان کر فیصلہ کیا‘کبھی ناکامی کا خوف نہیں رہا‘ہم نے اپناقبلہ درست کرنا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب جنگلات پر قبضہ کرنے والوں کو جیل میں ڈالیں‘پسماندہ علاقوں کی ترقی اور پاکستان کو فلاحی ریاست بنانامیرامشن ہے‘ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو 12موسموں سے نوازا ہے‘اگر ہم پانی کا صحیح استعمال کریں تو پوری دنیا کو اناج دے سکتے ہیں‘لوگوں روز گار دینا ریاست کی ذمہ داری ہونی چاہئے اور اگر ریاست روز گار نہ دے سکے تو پیسے دے یہی فلاحی ریاست ہے ۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کومیانوالی میںنمل یونیورسٹی کے ساتویں یوم تاسیس کے موقع پر تقریب سے خطاب کر تے ہوئے عمران خان نے کہاکہ جب ہم اقتدار میں آئے تو اس وقت ہمیں بہت سے سنگین معاشی چیلنجز کا سامنا تھا‘ اس مشکل وقت میں متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور چین نے پاکستان کی معیشت کے استحکام کے لئے ساتھ دیا‘عرب امارات مشکل وقت کا ساتھی ہے اسے کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ میں نے اپنی زندگی میں جو بھی فیصلے کیے وہ صرف دل کے مان کر کیے‘کبھی ناکامی کا خوف نہیں رہا‘ پاکستان کو قائداعظم کی جدوجہد اور اقبال کے خواب کے مطابق ملک بنانے کا سوچا۔

ہم نے اپنا قبلہ درست کرنا ہے، جو اپنی غلطیوں سے سیکھتا ہے وہ کبھی ناکام نہیں ہوتانبی ﷺنے قبر تک علم حاصل کرنے کا درس دیا، اس کا مطلب ہمیشہ جدوجہد کرنا ہے۔ دریں اثناء کندیاں میں ” گرین پاکستان “مہم کے تحت موسم بہارکی شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کیلئے شجر کاری کتنی اہم ہے۔

نوجوانوں اور ہمارے بچوںکو اس کا احساس نہیں‘پاکستان میں جنگلات کو آنکھوں سے تباہ ہوتے ہوئے دیکھا ، کندیاں کے جنگل کا تحفظ مقامی لوگوں کی ذمہ داری ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب جنگلات پر قبضہ کرنے والوں کو جیل میں ڈالیں‘پسماندہ علاقوں کی ترقی اور پاکستان کو فلاحی ریاست بنانامیرامشن ہے ‘ماضی میں بڑے کرپٹ افرادکو چھوڑ دیا جاتا اور چھوٹوں کو پکڑنا معمول تھا لیکن اب آئی جی پنجاب کو بڑے ڈاکوؤں اور چوروں کے خلاف کارروائی کیلئے کہا ہے۔

عمران خان نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ یاد رکھیں جنگل آپ کے مستقبل کیلئے انتہائی ضروری ہیں۔عوام میں سے کتنے لوگوں کو یہ معلوم ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو 12موسموں سے نوازا ہے، دنیا کے ایسے کون سے ممالک ہیں جہاں 12موسم ہوں‘اللہ تعالیٰ نے ہمیں جو دریا دیئے ہیں ان کے پانی کا اگر ہم صحیح استعمال کر لیں تو پاکستان پوری دنیا کو اناج مہیا کر سکتا ہے ۔ملک میں سبزیاں اور چینی وغیرہ کی قیمتیں بڑھیں لیکن یہ اشیاءملک میں کبھی بھی مہنگی نہیں ہونی چاہیں ۔

ہماری غلطی ہے کہ ہم نے اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی نعمتوں کو صحیح استعمال نہیں کیا‘ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت کی کہ ہمارے جنگلات پر قبضہ کرنے والے مجرم ہیں ان کو مجرموں کی طرح دیکھیں اور بڑے بڑے کرپٹ عناصر کو جیلوں میں ڈالیں ان پر صرف جرمانے نہ کئے جائیں بلکہ ان کو جیلوں میں ڈالا جائے کیونکہ کے درخت کاٹنا جرم ہے اور یہ جرم ہماری قوم اور ہمارے بچوں کے مستقبل کے خلاف جرم ہے۔

عمران نے کہا کہ پہلی حکومت ہے جو بڑے ڈاکوؤں پر ہاتھ ڈال رہی ہے جس سے کرپشن نیچے جانی شروع ہوجائے گی ۔فلاحی قوم بننے کی بجائے ہمارے ملک میں تھوڑے سے لوگ امیر ترین بن گئے جبکہ زیادہ تر عوام غریب رہ گئے ۔ لوگوں روز گار دینا ریاست کی ذمہ داری ہونی چاہئے اور اگر ریاست روز گار نہ دے سکے تو پیسے دے یہی فلاحی ریاست ہے۔ 

وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں ملک کو بری طرح کنگال اور مقروض کیا گیا تھا‘انہوں نے کہاکہ ملک کے غریب ترین طبقات کو کفالت کارڈ دیا جائے گا اور ان کو ہر ماہ پیسے دیں گے۔

تازہ ترین