• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کیا، آرمی چیف

پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کیا، آرمی چیف


اسلام آباد (وقائع نگار) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے دورہ مراکش کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کیا ہے، پاکستان نے خطہ اور دنیا کے امن کیلئے قربانیاں دیں، پاکستان مراکش کیساتھ مشکل وقت میں ہمیشہ کھڑا رہے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مراکش کا 4 روزہ دورہ کیا اور مراکش کے وزیر دفاع سے ملاقات کی۔

دورہ کے دوران پاکستان اور مراکش کے درمیان انسداد دہشتگردی کے شعبے میں بھی تعاون پر اتفاق کیا گیا، پاکستان اور مراکش کے درمیان سکیورٹی تعاون اور مشترکہ ٹریننگ پر بھی اتفاق کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاع، سکیورٹی تعاون پر بات ہوئی، اس کے علاوہ علاقائی تعاون اور استحکام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے رائل کالج ہائر ملٹری ایجوکیشن کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سکیورٹی ماحول اور اس کے چیلنجز پر بات کی،آرمی چیف نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیااور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ کی فرنٹ لائن پر ہے، پاکستان نے خطہ اور دنیا کے امن کیلئے قربانیاں دیں، پاکستان مراکش کیساتھ مشکل وقت میں ہمیشہ کھڑا رہے گا۔

تازہ ترین