• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبان جنگ بندی پر قائم رہے تو ان کے ساتھ امن معاہدے پر خود دستخط کروں گا، ٹرمپ

واشنگٹن ، کابل (اے ایف پی، جنگ نیوز) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر طالبان جنگ بندی پر قائم رہے تو ان کے ساتھ امن معاہدے پر وہ خود دستخط کردیں گے ۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ ʼایک مرتبہ افغان امن عمل مذاکرات کسی نتیجے پر پہنچ جائے تو میں معاہدے پر دستخط کردوں گا۔

بھارت روانگی سے قبل وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ʼجی ہاں! میں اس (معاہدے) پر اپنا نام درج کروں گا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ابھی معاہدے کو 36گھنٹے ہی گذرے ہیں ، ہم دیکھیں گے کہ آگے کیا ہوتا ہے، ہم پورے ہفتے کے دورانیے کی کارکردگی کو دیکھیں گے ، اگر جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کی گئی تو میں خود اس معاہدے پر دستخط کردوں گا۔

ٹرمپ نے امریکی افواج کی واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ اب گھر واپسی کا وقت آگیا ہے اور طالبان بھی جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں ۔ 

دوسری جانب امریکا اور طالبان کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے بعد طالبان کے زیر کنٹرول علاقوں میں موبائل فون سروس بحال کردی گئی ہے جبکہ افغانستان کے قائمقام وزیر داخلہ مسعود اندرابی نے کہا ہے کہ ملک میں جاری لڑائی میں کمی واقع ہوئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ زیادہ تر لڑائی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ کچھ دور دراز علاقوں میں معمولی جھڑپیں ہوئی ہیں ۔ 

واضح رہے کہ طالبان اور امریکا کے درمیان پرتشدد کارروائیوں میں کمی کے منصوبے پر اتفاق ہوا تھا جس کے تحت طالبان ایک ہفتے تک اپنی کارروائیوں میں نمایاں کمی لائیں گے۔

اس منصوبے کی کامیابی کے بعد دوحہ میں دونوں فریقین کے مابین 18 ماہ کے لیے افغان امن عمل معاہدے پر دستخط ہوں گے۔ 

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا اور طالبان کے مابین امن معاہدے پر دستخط سے محض چند گھنٹے قبل ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں ایک امریکی فوجی کی ہلاکت پر مذاکرات منسوخ کردیے تھے۔

تازہ ترین