• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاتون اول کے بیٹے کیخلاف درخواست خارج


لاہور ہائیکورٹ نے خاتون اول کے بیٹے ابراہیم مانیکا سے 2 شہریوں کی برآمدگی کی درخواست خارج کر دی، عدالت نے یہ درخواست مبینہ مغویوں کے خلاف امانت میں خیانت کا مقدمہ درج ہونے کی بناء پر خارج کی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس انوارالحق پنوں نے محمد حسن کی درخواست پر سماعت کی، خاتون اول بشریٰ بیگم کے بیٹے ابراہیم مانیکا عدالتی طلبی پر پیش ہوئے۔

درخواست گزار نے عدالت کو بتایاکہ پولیس نےاس کے ایک بھائی اعجاز احمد پراپرٹی ڈیلر کو 11 دسمبر 2019ء ،جبکہ دوسرے بھائی احمد حسن کو 3 فروری کو گھر سے اٹھایا۔

عدالت نےاستفسار کیاکہ اس میں ابراہیم مانیکا کا کیا کردار ہے؟ درخواست گزار نے بتایا کہ ابراہیم مانیکا نے انہیں 10 لاکھ روپے سرمایہ کاری کیلئے دیئے تھے، سرمایہ کاری کی رقم سے خریدی گئی جائیداد ابھی بِکی نہیں تھی کہ ابراہیم مانیکا نے رقم کی واپسی کا تقاضا شروع کر دیا۔

ابراہیم مانیکا کے والد نے رقم لینے کیلئے ایک ڈالے پر بندے بھیجے، مگر وہ ڈالا اُلٹ گیا، ابراہیم مانیکا کو ڈالا مرمت کرا کر دیا اور ایک گاڑی کرائے پر لے کر بھی دی، وہ گاڑی اب بھی ابرہیم مانیکا کے زیرِ استعمال ہے۔

 پولیس نے عدالت سے رجوع کرنے کے بعد درخواست گزار کے بھائیوں کیخلاف 20 فروری کوامانت میں خیانت کا مقدمہ درج کرلیا۔

عدالت نےریمارکس دیئے کہ آپ نے تو درخواست میں متعلقہ پولیس کو فریق بنایا ہی نہیں، درخواست گزار کا کہنا تھا کہ انہیں تو علم ہی نہیں تھا کہ بھائی کس پولیس کی تحویل میں ہیں۔

درخواست گزار نے بتایا کہ ابراہیم مانیکا کو عدالتی نوٹس ملا تو میرے بھائیوں کے ٹکڑے ملنے کی دھمکیاں دی گئیں، ابراہیم مانیکا کو 10 لاکھ روپے دے چکے ہیں، وہ اب مزید ڈیڑھ کروڑ روپے کا تقاضا کر رہا ہے۔

عدالت نےدرخواست خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ اب مقدمہ درج ہو چکا ہے، آپ جاکرضمانت کرائیں۔

تازہ ترین