• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیپاٹائٹس بی اور سی کا خاتمہ نیکی کاکام ہے،نفیس زکریا

لندن (جنگ نیوز) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر نفیس زکریا نے گزشتہ روز ہیلتھ فائونڈیشن کی جانب سے پاکستان میں انجام دی گئی خدمات کی عکاسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی کا خاتمہ نیکی کا کام ہے۔ اس تقریب کا مقصد پاکستان میں اس مرض کے وائرس کی موجودگی اور اس کے خاتمے کیلئے برٹش پاکستانیوں کو شریک کرنے کیلئے پاکستان میں اس مرض کی تباہکاری سے آگہی پیدا کرنا تھا۔ ہیلتھ فائونڈیشن پاکستان کے دیہی اور شہری علاقوں میں 2007 سے اس مرض کے خاتمے کیلئے سرکاری اور نجی شراکت سے خدمات انجام دے رہی ہے، ہیلتھ فائونڈیشن پاکستان سے 2030 تک اس مرض کے خاتمے کیلئے رجسٹر کی گئی ہے۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے اپنے خیرمقدمی ریمارکس میں ہیلتھ فائونڈیشن کی خدمات کی تعریف کی۔ انھوں نے پاکستان سے یپاٹائٹس بی اور سی کے خاتمے کی کوششوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور برٹش پاکستانیوں سے کہا کہ وہ ہیلتھ فائونڈیشن کی کوششوں میں تعاون کریں۔ انھوں نے اس مرض کی ویکسین کی قیمتیں کم کرنے پر پاکستان کی ادویہ ساز کمپنیوں کی بھی تعریف کی۔ ہیلتھ فائونڈیشن کے بانی اور ٹرسٹی ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے اس مسئلے کی شدت کو اجاگر کرنے کیلئے حقائق پیش کئے اور کہا کہ پاکستان سے ہیپاٹائٹس بی اور سی کا خاتمہ کرنے کیلئے زیادہ توجہ کی ضرورت ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ہیلتھ فائونڈیشن اس مرض کا خاتمہ کرنے کیلئے آگہی میں اضافہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ہیلتھ فائونڈیشن 10 لاکھ افراد کو براہ راست اس مرض کی ہلاکت خیزی سے آگاہ کرچکا ہے اور 4لاکھ 30 ہزار افراد کو ہیپاٹائٹس بی کی ویکسین دینے کے ساتھ ہی 12 ہزار سے زیادہ افرادکو علاج کی سہولت بھی فراہم کرچکا ہے۔ ہیلتھ فائونڈیشن کے بانی رکن اور چیئرمین سعید اللہ والا اور ڈاکٹر عبداللہ ہود بھائی نے برٹش پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان سے اس مرض کاخاتمہ کرنے کیلئے دل کھول کر عطیات دیں۔ مقررین نے ہیلتھ فائونڈیشن کی خدمات برٹش پاکستانیوں کے سامنے پیش کرنے کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرنے پر ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین