• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
صدائے زندگی … غفار انقلابی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ بھارت کو کامیاب ثابت کرنے کے لئے نریندر مودی اور آر ایس ایس کا فسطائی ٹولہ پورا زور لگا رہا ہے - امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ گجرات کے شہر احمد آباد میں ایک لاکھ سے زائدافراد کی موجودگی میں دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ سٹیڈیم کا افتتاح کردیا - تین گھنٹے کی تقریب پر 13 ملین ڈالر خرچ آئے ہیں - صدر ٹرمپ کا بھارت کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہورہاہے جب کہ دنیا میں یہ تاثر جڑ پکڑ رہا ہے کہ نریندرمودی کی قیادت میں انتہاپسند آر ایس ایس جرمن نازی پارٹی کی طرز پر ہندو نیشنل ازم کو کو پورے بھارت میں نافذ کرتے ہوئےاقلیتوں اور خصوصی طور پر مسلمانوں کو نسلی امتیاز کا نشانہ بنا رہی ہے - جموں و کشمیر کی متنازع ریاست کے ایک حصے کو جبری طور پر بھارت میں ضم کر دیا گیا ہے اور وہاں 9 لاکھ فوج کو تعینات کر کے 90 لاکھ مسلمانوں کو گھروں میں محصور کر دیا گیا ہے اورگھر گھر تلاشی کے نام پر عورتوں،بچوں اور بوڑھوں پرجسمانی اور ذہنی تشدد کیا جارہا ہے اور نوجوانوں کو نام نہاد دہشت گرد ہونے کے شبے میں ہلاک کردیا جاتا ہے اور وسیع پیمانے پر گرفتاریاں کی جارہی ہیں - ہندو نیشنل ازم کے نام پر20 کروڑ مسلمانوں کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے اور شہریت بل کے نام پرمسلمانوں کو کہا جا رہا ہے کہ یا تو ہندو بن جائیں یا پھر پاکستان چلے جائیں-پورے بھارت میں اسوقت مسلمان ،ہندو،سکھ اور عیسائی اس امتیازی قانون کے خلاف مظاہرے،ہڑتالیں اور دھرنے دئیے ہوئے ہیں - جس کے دوران پولیس فائرنگ سے درجنوں نہتے شہریوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں -نئی دہلی کے شاہین باغ میں ہزاروں عورتیں اور بچے ان کالے اور امتیازی قوانین کے خلاف دھرنا دیئے ہوئے ہیں اور بھارتی سپریم کورٹ کی مداخلت کے باوجود اس وقت تک دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا ہے جب تک کہ شہریت کے اس امتیازی قانون کو واپس نہیں لیا جاتا - گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دورہ پاکستان کے دوران مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے یو این قراردادوں پرعمل کیا جائے اور بھارت کنٹرول لائن پر سیزفائر معاہدے کی پابندی کو یقینی بنائے- سیکریٹری جنرل نے اسلافوبیاکے بڑہتے واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا- انتونیو گوتریس نے کہا کہ اقوام متحدہ بھارت اور پاکستان کے بیچ امن کے قیام کے لئے اپنا کردار ادا کر سکتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کی تقسیم کا تاریخی معاہدہ موجودہے- پانی ہتھیار نہیں بلکہ امن کا ضامن ہونا چاہئیے - بھارت کے ساتھ موثر ڈائیلاگ سے پانی کی تقسیم کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے - یہ پہلا موقع ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مسئلہ کشمیر اور اس سے جڑے پاکستان اور بھارت کے بیچ جملہ معاملات پر جامع پالیسی بیان دیا ہے جوکہ کشیدگی کی موجودہ صورتحال کو کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوسکتا ہے - مگر بھارت کی موجودہ انتہا پسند قیادت میں نہ مانوں کی رٹ لگائے ہوئے ہے - عالمی رائے عامہ اور انسانی حقوق کے ادارے ہندوتوا کے جنون میں مبتلا انتہا پسند قیادت کو یہ باور کرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ نسل پرست پالیسیاں بھارت کو تباہی کی طرف لے جائیں گی- امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق کشمیر کے معاملے پر بھارت پربین الاقوامی دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے -ایک برطانوی رکن پارلیمنٹ ڈیبی ابراہمز کو کشمیر کے سلسلے میں بھارتی حکومت کی پالیسیوں پر نکتہ چینی کرنے کی وجہ سے بھارت اترتے ہی ایرپورٹ سے واپس بھیج دیا گیا- حال ہی میں ترک صدر اور ملائیشیا اور دیگر ممالک نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھائی ہے - ان حالات میں جب ڈونلڈ ٹرمپ بھارت کا دورہ کر رہے ہیں اور نریندر مودی کو اپنا دوست کہتے ہیں بھارت پر واضح کرنا ہوگا ہٹلر طرزکی نسل پرستانہ پالیسیوں کا انجام اچھا نہ ہو گا- کشمیر میں ظلم کی رات ختم کرنا ہوگی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے پالیسی بیان کو پڑھنا ہوگا- کشمیر کے مسلمانوں اوربھارت کے مسلمانوں کو دیوار سے لگا نے کا انجام برصغیر میں ایک نئی جنگ کی شروعات ہوگی جو پوری دنیا کو لپیٹ میں لے سکتی ہے۔
جو صدیوں سے ترس رہے ہیں آزادی کی چھائوں کو
کیوں خاطر میں لائیں گے وہ سخت سے سخت سزائوں کو
چھین کے مجھ سے نطق اسد یہ پوچھ میرے سلطان سے
کیسے روک سکے گا میری بے آواز صداؤں کو
تازہ ترین