• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کو دھوکا دینے والے بلڈرز کیخلاف کارروائی کی جائے گی، وزیربلدیات سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات و اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عوام کو دھوکا دینے والے بلڈرز کے خلاف بھی کارروائی کی جائیگی معصوم لوگوں کی رقوم دھوکہ دہی سے حاصل کرنے والوں کو ہضم نہیں کرنے دیں گےاچھی شہرت کے لوگ لائے جائیں گے چاہے وہ پرائیویٹ سیکٹر سے ہوں ،سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ کے ہمراہ پیر کو اچانک سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر سوک سینٹر کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے متعلقہ اور غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے عوام اپنی شکایات محکمہ بلدیہ سندھ کی ہیلپ لائن 1093 پر درج کرائیں ۔ انھوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افراد یا تعمیرات کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا، چاہے اس کے پیچھے کتنا ہی بااثر شخص یا سیاسی شخصیت ملوث کیوں نہ ہو۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے ایس بی سی اے میں قائم ون ونڈو سہولیات میں ایک سیل قائم کیا جائے جوکہ لوکل گورنمنٹ کی ہیلپ لائن یا کمپلین سیل سے منسلک ہو تاکہ لوگوں کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جاسکے۔ وزیر بلدیات نے سیکریٹری روشن علی شیخ کو ہدایت کی کہ غیر قانونی تعمیرات اور متعلقین کے خلاف آئندہ ایف آئی آر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ سیکشن کے تحت درج کرائی جائے تاکہ قانون شکن عناصر اور غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بھرپور اور موث کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

تازہ ترین