• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مالی سال کے 7 ماہ، گندم، چینی، سیمنٹ ، فرنیچر، جیولری کی برآمدات میں کمی، سرکاری دستاویزات

اسلام آباد(تنویر ہاشمی ، کامرس رپور ٹر)رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ (جولائی تا جنوری )کےد وران پھلوں ، گندم ، چینی ، آئل سیڈ ، یارن ، تولیے، کھیلوں کے سامان ، پلاسٹک میٹریل، سیمنٹ ، جیولری ، فرنیچر اور پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں کمی ہوئی جبکہ چاول ، مچھلی ، سبزیوں ، تمباکو ، گوشت ، خام کپاس، ریڈی میڈ گارمنٹس ، فٹ بال، لیدر گارمنٹس ، جوتوں ، فارماسیوٹیکلز ، الیکٹرک پنکھوں کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے ۔ رواں مالی سال جولائی تا جنوری کے سات ماہ کے دوران زیورات کی برآمدات 17.27فیصد گر گئیں۔ 

جولائی تا جنوری زیورات کی برآمدات 28لاکھ 20ہزار ڈالر رہیں جوگذشتہ سال اسی عرصے میں 34لاکھ ڈالرز تھیں۔

رواں مالی سال کے سات ماہ میں سیمنٹ کی برآمدات 7.71فیصد کمی کے ساتھ 17کروڑ ڈالرز رہیں ۔ گزشتہ سال اسی عرصے میں سیمنٹ کی برآمدات کا حجم 18کروڑ 43لاکھ ڈالرز تھا۔کھیلوں کی مصنوعات کی برآمد میں 1.32فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔

کھیلوں کے سامان کی برآمدات 17کروڑ43لاکھ ڈالرز رہیں، جولائی تا جنوری دستانوں کی برآمدات 23.33فیصد کمی کے ساتھ 4کروڑ 68لاکھ ڈالرز رہیں ۔ 

رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران گندم کی برآمدات میں 88.49فیصد، مصالحہ جات کی برآمدات میں 4.57فیصداور آئل سیڈ کی برآمدات میں 57فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

سرکاری دستاویز کے مطابق جولائی تا جنوری کاٹن کلاتھ کی برآمدات میں 3.62فیصد، فرنیچر کی برآمدات میں 13فیصد،پلاسٹک میٹریلز کی برآمدات میں 8.72فیصد، خام تیل 33فیصد اورچینی کی برآمدات میں 14فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ، دوسری جانب چاول کی برآمدات میں 15.10فیصد اضافہ ہوا ، مچھلی اور مچھلی کی مصنوعات میں 16.52فیصد ، سبزیاں 50.39، گوشت اور گوشت کی تیار شدہ مصنوعات میں 52.38فیصد اضافہ ہوا ، خام کپاس کی برآمدات میں 10فیصد ، ریڈی میڈ گارمنٹس 10.84فیصد ، فٹ بال میں 11.78فیصد ، لیدر گارمنٹس کی برآمدات میں 12.60فیصد ، فارماسیوٹیکلز 4.49فیصد ، ٹرانسپورٹ آلا ت کی برآمدت میں 106فیصد ، الیکٹرک پنکھے 2.41فیصد ، الیکٹرک مشنیری 13.63فیصد آٹو پارٹس کی برآمدات میں 2.72فیصد ، قیمتی پتھروں کی برآمدات میں42.86فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تازہ ترین