• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کی آمد، مودی کے حامی آپے سے باہر، مسلمانوں پر حملے، دکانیں اور مزار جلا دیئے، پولیس بھی مل گئی

ٹرمپ کی آمد، مودی کے حامی آپے سے باہر، مسلمانوں پر حملے


نئی دہلی(جنگ نیوز، خبرایجنسی)ٹرمپ کی بھارت آمد کے موقع پر مودی کے حامی آپے سے باہرہوگئے، مسلمانوں پر حملے، دکانیں اور مزار جلادیئے،پٹرول پمپ و سرکاری املاک بھی نذرآتش ، پولیس بھی مل گئی، مرنیوالوں کی تعداد 4 ہوگئی جبکہ درجنوں افراد زخمی بھی ہوگئے، ظفر آباد، سلیم پور اور چاند باغ میں حالات کشیدہ، بی جے پی رہنما نے کہاکہ تشدد سے گریز کیا جائے جس پر اسدالدین اویسی نے کہاکہ ہنگامے بی جے پی کے انہی رہنما کی وجہ سے ہو ئے،انہیں گرفتار کیا جائے۔ 

تفصیلات کےمطابق امریکی صدر ڈونلڈر ٹرمپ کے دورہ بھارت کے موقع پر نئی دلی میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف پرامن احتجاج کرنے والوں پر مودی کے حامیوں نے چڑھائی کردی جس کے ساتھ ہی جھڑپیں دیکھنے میں ملیں، اس دوران 2عام مسلمان شہری محمد سلیمان اور شاہد علوی جاں بحق اور ایک پولیس ہیڈ کانسٹیبل کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں، محمد سلیمان کا دہلی کے ظفر آباد علاقے سے تعلق جبکہ شاہد علوی کا تعلق اترپردیش کے بلند شہر سے ہے۔

پولیس نے غیرملکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ جاں بحق ہونے والے محمد سلیمان کی ٹانگ میں گولی لگی اور اس کی موت زیادہ خون بہنے سے ہوئی ۔

غیرملکی میڈیا کےمطابق شمال مشرق دہلی کے 10علاقوں میں پولیس نے دفعہ 144نافذ کر دی ہے اور اس کے علاوہ شہر کے مختلف حصوں جیسے ظفر آباد، موج پور، سلیم پور اور چاند باغ سے تشدد اور ہنگاموں کی اطلاعات ملی ہیں،پر امن احتجاج کرنےوالوں پر انتہا پسندوں کی چڑھائی میں پولیس نےبھی ساتھ دیااور جب انہوں نے پر امن مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا تو وہاں پر بھگدڑ مچ گئی۔

احتجاج کرنے والوں نے بتایا ہےکہ متنازع شہریت قانون سی اے اے کے حامی افرادنے پتھرائو بھی کیا جبکہ لاٹھی اور ڈنڈوں کا استعمال بھی کیا ہے۔

نئی دہلی کے وزیر اعظم اروند کجریوال نے وزیر داخلہ اور لیفٹیننٹ گورنر سے امن کی اپیل کی اور کہا کہ ʼقانون کی بالادستی قائم کرنے میں مدد کریں۔

لیفٹیننٹ گورنر انیل بئیجل نے دہلی کے پولیس کمشنر کو حکم دیا ہے کہ امن و امان بحال کرنے کی پوری کوششیں کی جائیں،حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما کپل مشرا نے بھی ٹوئٹر پر پیغام میں لکھا کہ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ امن کو برقرار رکھا جائے ۔

تازہ ترین