• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تین پولیس اہلکاروں کے قتل کے ملزم کو 6 بار سزائے موت، 76 سال قید

راولپنڈی(نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج شوکت کمال ڈار نے تین پولیس ملازمین کو شہید دو کو شدید زخمی کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کو چھ بار سزائے موت دینے کا حکم دیدیا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد فیصل کے مطابق گزشتہ سال اکیس فروری کو تھانہ صادق آباد میں درج کیس کے مطابق ملزم عبدالقدیر جو سابق رضا کار اور اشتہاری ملزم بھی تھا نے دونوں ہاتھوں میں پستول لئے حاجی چوک ناکے پر تعینات پولیس ملازمین پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر اکرم بٹ، ہیڈ کانسٹیل ساجد محمود اور کانسٹیبل زعفران شہید جبکہ سب انسپکٹر کرم صادق اور کانسٹیبل شہزاد زخمی ہو گئے تھے۔ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید طاہر کاظم نے مقدمے کا چالان مرتب کیا جبکہ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر حق نواز نے سرکار کی طرف سے دلائل دیئے ۔ جرم ثابت ہونے پر گزشتہ روز عدالت نے ملزم کو 6مرتبہ سزائے موت، ایک بار عمر قید کے علاوہ مجموعی طور پر76سال قید سخت، 5لاکھ 75ہزار روپے جرمانہ تمام منقولہ و غیرمنقولہ جائیداد ضبط کرنے کی سزا سناتے ہوئے 15لاکھ روپے مقتولین کے وارثان ،سات لاکھ 50ہزار روپے زخمی ہونے والے اہلکارروں کو بطور معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
تازہ ترین