• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگردی مقدمات، ٹرائل کیلئے جیلوں میں ویڈیولنک سسٹم نصب

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) دہشت گردی مقدمات میں ملزموں کے جیل ٹرائل کے لئےپنجاب کی 9سینٹرل جیلوں میں ویڈیولنک سسٹم نصب کردیاگیا۔صوبہ بھرکی انسداددہشت گردی کورٹس میں زیرسماعت مقدمات کی سماعت ویڈیولنک کے ذریعے کی جاسکے گی۔ذرائع کے مطابق جیل خانہ جات پنجاب نے لاہور،فیصل آباد، ملتان،راولپنڈی،ڈیرہ غازی خان ، بہاولپور، ساہیوال ،میانوالی اورگوجرانوالہ کی سنیٹرل جیلوں میں ویڈیولنک آلات کی تنصیب کاکام مکمل کرلیاہے ،جب کہ انہی شہروں میں قائم کی گئی انسداددہشت گردی عدالتوں میں یہ سسٹم نصب کردیاگیاہے۔ذرائع کاکہناہے کہ پنجاب بھرمیں دہشت گردی کے مقدمات میں بڑی تعدادمیں خطرناک ملزموں کے مقدمات زیرسماعت ہیں ،ان ملزموں کوپیشی کے لئے عدالتوں میں لانے لیجانےکے لئے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جاتے ہیں اس حوالے سے اضافی نفری تعینات کی جاتی ہے اس کے باوجودملزموں کی جیلوں سے عدالتوں تک نقل وحمل ہائی سیکیورٹی رسک ہے،اس حوالے سے کچھ عرصہ قبل ویڈیولنک سسٹم کے ذریعے مقدمات کی سماعت کافیصلہ کیاگیاتھاجس کے لئے پنجاب کی سینٹرل جیلوں اورانسداددہشت گردی عدالتوں میں انتظامات مکمل کرلئے گئے ۔دوسرے مرحلے میں صوبہ کی دیگرجیلوں میں بھی ویڈیولنک آلات لگائے جائیں گے۔اس ضمن میں حکومت کی باضابطہ منظوری کے بعدجیلوں میں ویڈیولنک ٹرائل شروع کردئیے جائیں گے۔
تازہ ترین