• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رہائشی کالونی میں تعلقات عامہ کے عملے کو بھی شامل کیا جائے،آفیسرز ایسوسی ایشن

کوئٹہ (خ ن)محکمہ تعلقات عامہ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کی سفارشات پر من و عن عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے ملک میں تعلقات عامہ صحافتی برادری کا حصہ سمجھا جاتا ہے جرنلسٹس کالونی میں تعلقات عامہ کے افسران اور اہلکاران کوشامل کرنے کی منظوری قائمہ کمیٹی نے دے دی ہے لیکن افسوس کہ چھ مہینے بعد بھی قائمہ کمیٹی کی سفارشات اسمبلی کے ایوان میں پیش نہیں ہوسکی ہیں،صوبائی اسمبلی مذکورہ سفارشات کی منظوری دے تاکہ ڈی جی پی آر اہلکاران کو بھی اپنی رہائش اور چھت میسر آسکے۔بیان میں محکمہ تعلقات عامہ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر محمد وقاص شاہین اور جنرل سیکرٹری ظفر علی ظفر نے کہا ہے کہ گزشتہ سال جولائی میں صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات نے اس شعبے کی بحالی، بہتری اورا صلاحات کے لئے انتہائی مفید سفارشات کی منظوری دی جسے اب صوبائی اسمبلی کے ایوان میں پیش ہونا ہے مذکورہ سفارشات کی رو سے محکمہ تعلقات عامہ کے افسران و اہلکاران کو بھی صحافی کالونی میں شامل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ صحافی حضرات کی رہائشی کالونی کا مجوزہ منصوبہ تیار کرتے وقت اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ رہائشی کالونی میں محکمہ تعلقات عامہ کے افسران اور اہلکاران کو بھی شامل کیا جائے گا اور اس کے لیے پریس کلب کوئٹہ میں محکمے کے افسران و اہلکاروں نے باقاعدہ چندہ بھی جمع کیا تھا جو ریکارڈ پر موجود ہے۔ لیکن ایک مخصوص گروہ اس سارے عمل کے خلاف سرگرم ہوگیا ہے اور باقاعدہ حکومتی ارکان کو درخواستیں دے کر ڈی جی پی آر کے افسران اوراہلکاران کو ان کے جائز حق سے محروم کرنے جارہا ہے۔محکمہ تعلقات عامہ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن اس عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور عامل صحافیوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ دل بڑا رکھیں اور ڈی جی پی آر کے عملے کو رہائشی کالونی کا حصہ بنانے میں رکاوٹ نہ ڈالیں،ایسوسی ایشن اس ضمن میں بی یوجے اور پی ایف یوجے کے عہدیداران کو تمام صورتحال سے آگاہ کرے گی ،بیان میں کہا گیا کہ محکمے کی ڈائریکٹر جنرل کی پوسٹ جو گریڈ 20کی ہے اس پر محکمہ کے سینئر افسر کو ترقی دینے اور اس پوسٹ پر محکمہ کے سینئر ترین افسر کی مستقل طور پر تعیناتی کے لیے جلد آئندہ کا لائحہ عمل طے کرکے جدوجہد کا آغاز کیا جائے گا۔  
تازہ ترین