• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرنیوالے نجی سکولوں کیخلاف کارروائی کی جائے،بی این پی

کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کوئٹہ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد لقمان کاکڑ نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سکول عدالتی حکم نامے کی کھلی خلاف ورزی کر رہے ہیں جس میں انہیں پابند کیا گیا تھا کہ عدالتی حکم کے مطابق فیس وصول کریں، ملک کے تین صوبوں میں تو اس کی تعمیل تو ہو رہی ہے مگر بلوچستان باالخصوص کوئٹہ کے سکولوں میں عدالتی حکم نامے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ والدین سے منہ مانگی فیس وصول کی جا رہی ہے۔ ایک طرف ماہانہ فیس تو دوسری جانب موسم سرما کی تعطیلات کی بھی ماہانہ فیس وصول کر رہے ہیں۔گورنمنٹ کی جانب سے پرائیویٹ سکولوں پر کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں، جس سکول کی جتنی مرضی داخلہ فیس وصول کرے باوجود بھاری فیسوں کے سکولوں کا کوئی تعلیمی معیار بھی نہیں، کم تنخواہوں پر غیر تجربہ کار اساتذہ کو بھرتی کرکے بچوں کا مستقبل تباہ کیا جارہا ہے غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، ستم تو یہ ہے کہ وردیوں اور کتابوں پر بھی ڈیلرز سے بھاری کمیشنز بٹورتے ہیں۔ پرائیویٹ سکولز ایک مافیا کی حیثیت اختیار کر چکا ہے ۔ گلی کوچوں میں چھوٹے اور تاریک مکانوں میں سکولوں کا قیام ایک المیہ ہے۔ بچوں کے لئے کھیل کا میدان ہے اور نہ ہی کوئی تفریحی سرگرمی ایسے ماحول میں بچے کوفت کا شکار ہو رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تعلیم کے ساتھ بچوں کے لئے کھیل اور دیگر سرگرمیاں بھی نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جو پرائیویٹ سکول عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کر رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی اور مقررہ فیس سے زائد کی وصولی والدین کو واپس کرائی جائے۔
تازہ ترین