• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی ضمانت کا معاملہ: حکومت کا فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے، رانا ثنا اللّٰہ

نواز شریف کی ضمانت کا معاملہ: حکومت کا فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے، رانا ثنا اللّٰہ


مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللّٰہ نے کہا ہے کہ اگر پنجاب حکومت نواز شریف کی درخواست ضمانت میں توسیع نہیں کرتی تو فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نواز شریف کو 8 ماہ کے لیے ضمانت دی تھی اب عدالت عالیہ نے سابق وزیر اعظم کی ضمانت میں مزید توسیع کے لیے پنجاب حکومت سے رجوع کرنےکا کہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لیگی قائد کی ضمانت سے متعلق کوئی درخواست پنجاب حکومت کے پاس نہیں تھی، نواز شریف کی درخواست ضمانت اسلام آباد ہائی کورٹ میں تھی۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت فیصلہ نہیں کرتی تب تک ضمانت میں توسیع تصور ہوگی۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے رانا ثنااللّٰہ نے بتایا کہ فیصلے کے مطابق اگر پنجاب حکومت توسیع نہیں دیتی تو دوبارہ ہائی کورٹ سے رجوع کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے توسیع نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم اب اس فیصلے پر نواز شریف کی قانونی ٹیم سے مشورہ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت کے فیصلے کی کاپی موصول نہیں ہوئی، یہ کاپی ملنے کے بعد فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

واضح رہے کہ پنجاب کابینہ نے سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی اجازت سے انکار کر دیا ہے۔

اس فیصلے پر ردِ عمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا تھا کہ نواز شریف کو زندہ رہنے کے حق سے بھی محروم کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین