• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لڑکی سے مبینہ زیادتی کیس: ملزم جج کا ڈی این اے تاحال نہ ہوسکا

لڑکی سے مبینہ زیادتی کیس: ملزم جج کا ڈی این اے تاحال نہ ہوسکا


عدالتی چیمبر میں لڑکی سے مبینہ زیادتی کیس میں نامزد ملزم جج کا ڈی این اے تاحال نہ ہوسکا، سیہون میں آج ملزم کا وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ ملزم نے کیس کی تیاری کے لئے مہلت مانگی، جس پر عدالت نے سماعت 2 مارچ تک ملتوی کردی۔

دوران سماعت تفتیشی افسر نےکہا کہ معاملہ ابھی تک صرف ڈی این اے نہ ہونےکی وجہ سےتاخیر کا شکار ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ سیہون فاروق عباسی کی عدالت میں ملزم جج امتیاز بھٹو کا ڈی این اے امریکا سے کرانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

تفتیشی ا فسر اورنگزیب عباسی نے عدالت سے استدعا کی کہ ڈی این اے کی درخواست پر دلائل شروع کئےجائیں، لیکن ملزم نے کہا کہ اُن کے وکیل ایاز تنیو پیش نہیں ہوسکےہیں۔ وکیل کو کیس کی تیاری کے لئے ایک ہفتے کا وقت درکار ہے۔

عدالت نے اگلی سماعت پر ملزم کو وکیل کےساتھ پیش ہونےکی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 2 مارچ تک ملتوی کردی۔ اسی کیس میں ملزم 29 فروری تک کوٹری کی عدالت سے ضمانت پر ہے۔

واضح رہے کہ 22 فروری کو ایڈیشنل سیشن جج کوٹری رحمت اللّٰہ موریو کی عدالت میں خاتون سے زیادتی کیس کی سماعت ہوئی تھی جس میں ملزم جج کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ ان کے مؤکل کا ڈی این اے امریکا کی لیبارٹری سے کرانے کی اجازت دی جائے۔

دلائل سننے کے بعد عدالت نے اسپیشل کیس قرار دیتے ہوئے ملزم جج امتیاز بھٹو کو مہلت دے دی تھی اور وہ 29 فروری تک کوٹری کی عدالت سے ضمانت پر  ہے۔

تازہ ترین