• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پلاٹ جعل سازی کیس، سی ڈی اے اہلکاروں سمیت4افراد کیخلاف مقدمہ

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) ایف آئی اے نے اختیارات کے غلط استعمال کے ذریعے آئی بارہ ہائوسنگ سکیم کے چارپلاٹ غلط ناموں پر الاٹ کر کے پراپرٹی ڈیلر کے ذریعے فروخت کرنے کے الزام میں سی ڈی اے کے تین اہلکاروں سمیت چار افراد کے خلاف فراڈدھوکہ دہی اور اعانت جرم میں مقدمہ درج کر کے گرفتاریوں کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ ڈائریکٹر ہومین ریسورسز سی ڈی اے فائز احمد وٹو کی مدعیت میں درج ہونے والے مقدمہ کے مطابق پراپرٹی ڈیلر حسن اختر کی ایماءپر سی ڈی کے افسروں نے پلاٹ نمبر 773 ، 789 ، 827اور 833 آئی بارہ چار کے جعلی الاٹمنٹ جاری کئے۔ اسٹیٹ مینجمنٹ آفیسر ، آفتا ب احمد جعفرانی نے غیر قانونی طورپر ان پلاٹوں کے این او سی جاری کئے جس کے بعد سی ڈی اے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سہیل جمیل چوہان نے ون ونڈو ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے ان کے ٹرانسفر لیٹر جاری کئے جس کے بعد سی ڈی اے کےسمیر بشیر نے ان پلاٹوں کی فائلیں حسن اختر پراپرٹی ڈیلر کے حوالے کر دیں۔ ایف آئی اے نے انکوائری کے بعد سہیل جمیل چوہان سکنہ جی سکس ون تھری ،سمیر بشیر سکنہ جی سیون فور، آفتا ب احمد جعفرانی سکنہ راول ٹائون اور پراپرٹی ڈیلر حسن اختر سکنہ ڈسٹرکٹ خوشاب کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جعلسازی کے اس مقدمہ میں معاونت کرنے والے سی ڈی اے کے مزید اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں آسکتی ہے۔
تازہ ترین