• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف جی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز کینٹ گیریژن ڈائریکٹوریٹ کے سافٹ ویئر کی تیاری

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز کینٹ گیریژن ڈائریکٹوریٹ نے ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اور سکولز انفارمیشن سسٹم پر سافٹ ویئر کی تیاری کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی خدمات حاصل کرلیں۔ ترجمان ایف جی ای آئی (سی / جی) ڈائریکٹوریٹ واجدمسعودکے مطابق ڈائریکٹر کالجز بریگیڈئیر ڈاکٹر عبدالحمید کی سربراہی میں وفد نے ایف جی ای آئی سیٹ اپ میں ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اور سکولزانفارمیشن سسٹم کے نفاذ پر تبادلہ خیال کے لئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کا دورہ کیا۔ پی آئی ٹی بی کے ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن ٹیکنالوجی آپریشنز فیصل یوسف نے ڈائریکٹر کالجز بریگیڈ یئرڈاکٹر عبدالحمید اور ان کی ٹیم کو سافٹ ویئرز کے بارے میں بریفنگ دی۔ پی آئی ٹی بی نے ایف جی ای آئی (سی / جی) ڈائریکٹوریٹ کے ماتحت 355 اداروں کیلئے ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اورسکولزانفارمیشن سسٹم کی تیاری کیلئے ہرممکن تعاون کا اعادہ کیا۔ ایف جی ای آئی کے ملک بھرمیں تعلیمی اداروں میں ایک لاکھ پچاسی ہزار طلباء وطالبات تعلیم حاصل کررہے ہیں جبکہ تیرہ ہزارملازمین خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اس منصوبے کا مقصد ایف جی ای آئی سسٹم کو کمپیوٹرپرمنتقل کرناہے تاکہ خود کارنظام کے ذریعہ اس کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے۔ ہیومن ریسورس پروسیس کو خود کار بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی پرمنتقل کرنا ہوگا۔ اس سے نہ صرف ملازمین کے ذاتی فائلوں کے ریکارڈ، منتقلی اور پوسٹنگ ریکارڈ، انکوائری کی تفصیلات، تربیت کی تفصیلات، تشخیص، ترقیوں کی تفصیلات، اے سی آر، انتظامیہ تنخواہوں، ریٹائرمنٹ اور پنشن سسٹم وغیرہ کا جدید ترین اور درست الیکٹرانک ذخیرہ برقراررکھاجائیگا بلکہ اس سے ایف جی ای آئی کو کاغذکا کم سے کم استعمال کرنے اور زیادہ مسائل اوروسائل پر توجہ مرکوز کرکے انسانی صلاحیتوں کے طویل مدتی بہترین استعمال کی نشاندہی کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
تازہ ترین