• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

این ڈی ایم اے اور فیملی پلاننگ ایسوسی ایشن میں مفاہمتی یادداشت

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار )این ڈی ایم اے نے منگل کو فیملی پلاننگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کیساتھ ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے۔ چیئر مین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور سی ای سید کمال شاہ نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے۔ مفاہمتی یاداشت کے تحت ملک میں قدرتی آفات اور حادثات سے بچاؤ کیلئے صلاحیت میں اضافہ اور تباہی کے خطرات کو کم کرنے اور ان سے نمٹنے کیلئے مضبوط حکمت عملی اپنانے کیلئے دونوں اداروں میں ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دیا جائیگا۔مفاہمتی یاداشت کا مقصد پاکستان میں آفات کے خطرات کے حامل علاقوں میں آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافے کیلئے خدمات فراہم کرناہے۔اس اشتراک کے مطابق پاکستان بھر میں آفات کے خطرات کے حامل اضلاع،جیسا کہ سندھ میں بدین، مٹھی اور ٹھٹھہ، پنجاب میں مظفر گڑھ، خیبر پختونخوا میں نوشہرہ اور بلوچستان میں نوشکی اور آوران کے علاقوں میں آفات سے نمٹنے کیلئے معاشرتی استحکام کا فروغ ہے۔ دونوں ادارے مقامی آبادیوں میں آفات اور ہنگامی صوتحالی کے دوران ابتدائی سروس پیکجMISP پر شعور پیدا کرنے کیلئے مل کر کام کرینگے اور اس سلسلے میں پالیسی سازوں کی معاونت بھی کرینگے۔ چیئر مین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ مفاہمتی یاداشت آفات کے دوران اور اُس کے بعد خواتین کے مفادات کے تحفظ کے بین الاقوامی فریم ورک میں پاکستان کی مخلصانہ کوششوں اور ارادوں کو مزید تقویت فراہم کریگا۔
تازہ ترین