• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرعی خودکفالت کیلئے نہری نظام کی ترقی پرکام کررہےہیں،وزیرآبپاشی

پشاور(نیوزڈیسک)صوبائی وزیر آبپاشی لیاقت خٹک نے کہا ہے کہ زرعی خود کفالت کے حصول کی خاطر نہری نظام کی اصلاح و ترقی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جرگہ ہال کمشنر ہائوس میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔اجلاس میں کمشنر ڈیرہ محمد جاوید مروت، اراکین صوبائی اسمبلی ابراہیم خٹک، فیصل امین گنڈہ پور، آغاز خان گنڈہ پور، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیراورمحکمہ آبپاشی کے اعلیٰ افسران نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان میں مختلف نہرو ں کی تعمیر، اصلاح اور ترقی بالخصوص گومل زام کینال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں صوبہ خیبر پختونخوا کا سب سے بڑا نہری نیٹ ورک فعال ہے جس کی مجموعی لمبائی تقریباً 1200کلومیٹر بنتی ہے جس سے تقریباً 6لاکھ ایکڑ زمین زیر کاشت لائی جاتی ہے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ272کلومیٹر طویل چشمہ رائٹ بنک کینال جس میں سے 170کلومیٹر طویل نہر صوبہ خیبر پختونخوا جبکہ بقیہ حصہ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کو سیراب کرتا ہے کی وجہ سے ڈیرہ اسماعیل خان کی معاشی اور معاشرتی ہیت بدل گئی ہے جس کا واضح ثبوت اس وقت ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم چار بڑی شوگر ملز ہیںجبکہ اس کے علاوہ پورے صوبے میں صرف دو شوگر ملز کام کر رہی ہیں۔اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ محکمہ انہار نہروں کی صفائی پر خصوصی توجہ دے تاکہ ٹیل کے زمیندار بھی نہری پانی کی سہولت سے فیض یاب ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیم اور تھورکی لعنت سے بچائو کیلئے زمینداروں میں مناسب فصلیں کاشت کرنے کا شعور اجاگر کیا جائے کیونکہ صرف گنا یا چاول کی بے تہاشہ کاشت سے جہاں ایک طرف سیم کا خطرہ بڑھ جاتا ہے وہیں دیگر کاشتکاروں بالخصوص ٹیل انڈرزکو پانی کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پختہ واٹر کورسز کی تعمیر کا کام جلد مکمل کیا جائے۔
تازہ ترین