• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمزور دل اور کم عمر بچے ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ “ نہ دیکھیں


کراچی (محمد ناصر) ہدایتکار بلال لاشاری نے کہا ہے کہ کمزور دل اور کم عمر بچے ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ نہ دیکھیں،وی ایف ایکس،اسپیشل افیکٹس اور جدید گرافکس سے ایکشن سین خون منجمد کرنے کی حد تک حقیقت سے قریب ہے، جیو فلمز، انسائیکلو میڈیا، لاشاری فلمز، ٹرپل اے موشن پکچرز کی جدید ٹیکنالوجی سے لیس فلم مثال بنے گی، شائقین کو فلم کابے صبری سے انتظار ہے،تفصیلات کے مطابق پاکستان کی سب سے مہنگی اور بڑی کاسٹ پر مشتمل فلم ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ کے ہدایتکار بلال لاشاری نے کہا ہے کہ کمزور دل حضرات اور کم عمر بچوں کو فلم ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ “ دکھانے کیلئے سینما گھروں میں نہ لایا جائے۔ دی لیجنڈ آف مولا جٹ وی ایف ایکس اور اسپیشل افیکٹس کا ایک شاہکار ہے۔ فلم میں گرافکس کے ذریعے ایکشن کے کچھ ایسے سین فلمائے گئے ہیں جو چھوٹے بچوں اور کمزور دِل افراد کے لئے دیکھنا مناسب نہیں ۔ واضح رہے کہ سولہویں صدی کی سب سے کامیاب پنجابی کلاسک ”مولاجٹ “ کو عصر حاضر کے تقاضوں اور جدید ٹیکنالوجی کے مطابق عوام کے سامنے پیش کرنے کے لئے بلال لاشاری کی یہ ایک بہترین کوشش ہے۔ بڑی فلم میں فلم انڈسٹری کی بڑی کاسٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے جس میں فواد خان، ماہرہ خان، عمائمہ ملک اور حمزہ علی عباسی کے علاوہ علی عظمت، فارس شفیع ، شفقت چیمہ، گوہر رشید اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ یہ فلم”جیوفلمز“ ، انسائیکلومیڈیا، لاشاری فلمز اور اے اے اے موشن پکچرز کے بینر تلے بننے والی سب سے بڑے بجٹ اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس فلم ہے جو کہ سینما اور اسپیشل افیکٹس کے حوالے سے ایک بڑی مثال بنے گی۔ فلم کی پروڈیوسر عمارہ حکمت ،اسد خان اور رائٹر ناصر ادیب ہیں۔ یاد رہے کہ یہ پاکستانی سینما کی تاریخ کی سب سے بڑی ایکشن فلم ہے اس میں فلمائے گئے لڑائی اور ایکشن کے سین خون کو منجمد کرنے کی حد تک حقیقت سے قریب ترین ہیں۔ بلال لاشاری نے فلم کو مکمل کرنے میں کئی برس لگائے ہیں تاکہ فلم کے تمام کردار اپنی کارکردگی کو بھرپور طریقے سے سمجھ سکیں اور حقیقت سے قریب تر لگیں اور عوام کے سامنے ایکشن کو اس انداز میں پیش کیا جاسکے جو پہلے کبھی نہ دیکھا گیا ہو۔ ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ پاکستان میں اب تک بننے والی سب سے بڑے بجٹ کی فلم ہونے کے ناتے فلم انڈسٹری میں پروڈکشن کے حوالے سے بھی ایک منفرد معیار سیٹ کرے گی۔جیو فلمز کے بینر تلے ریلیز ہونے والی بڑے بجٹ کی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے ہدایتکار بلال لاشاری نے کہا ہے کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو عید الفطر کو ریلیز ہونے والی فلم کا انتظار عوام بے چینی سے کررہے ہیں ۔

تازہ ترین