• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مانچسٹر میں فن و ادب کے فروغ کیلئے آرٹ اینڈ کلچر سوسائٹی یو کے کا قیام

مانچسٹر(پ ر) فن و ادب کے فروغ کے لئے مانچسٹر میں ایک نئی تنظیم کا قیام عمل میں آیا ہے جس کا نام آرٹ اینڈ کلچر سوسائٹی یوکے رکھا گیا ہے اور جو ادب وفن کے فروغ کو یقینی بنائے گی۔ یہ فیصلہ ایک اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت ممتاز کمیونٹی رہنما استاد محمد صفدر خان نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض ممتاز مذہبی شخصیت یاسر بٹ فضلی مجددی نے ادا کئے- اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اس وقت ادب و فن کے فروغ کے لئے زیادہ تر تنظیمیں محض کاغذوں میں ہی ہیں جبکہ عملی طور پر ایسا کوئی کام نظر نہیں آرہا - مقررین نے کہا کہ ایک ایسی تنظیم کا ہونا بہت ضروری ہے جو محض ادب و فن کی ترویج و ترقی کی یقینی بنائے اور مقامی ٹیلنٹ کو اجاگر کرے - اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر ایک تعارفی پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں مقامی فنکاروں کواپنا فن پیش کرنے کی دعوت دی جائے گی - اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابی عمل کے ذریعے تنظیم کے عہدیدار بھی مقرر کئے جائیں - چنانچہ استاد محمد صفدر خان کو چئیرمین‘ یاسر بٹ فضلی مجددی کو سیکرٹری ‘ چوہدری اعجاز احمد ملہی کو خزانچی اورچوہدری پرویز مسیح مٹو کو انفارمیشن سیکرٹری منتخب کیا گیا - تمام عہدیدار بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ اجلاس میں ایک ایگزیکٹو کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس میں محبوب الٰہی بٹ ‘ شفیق الزمان ‘ اویس اختر ‘ محمد علی ‘ لیاقت علی عہد ‘ سموئیل جیکب ‘ محمد اویس ‘ سہیل حیدر سہوترا ‘ عتیق بٹ اور محمد غوث شامل ہیں۔
تازہ ترین