• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

10ویں سکھ ایوارڈ کی تقریب میں منموہن سنگھ کیلئے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ

لندن (نیوز ڈیسک) دنیا بھر میں سکھوں کی کامیابیوں کے اعتراف کیلئے مشرق وسطیٰ میں ہونے والی 10ویں سکھ ایوارڈ کی تقریب میں بھارت کے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا، ان ایوارڈز کا سلسلہ عوام کے اصرار پر2010 پر شروع کیا گیا تھا اور اس وقت سے اب تک لندن، دہلی، ٹورنٹو اور نیروبی میں اس حوالے سے تقریبات منعقد کی جاچکی ہیں۔ یہ ایوارڈ سکھوں کی جانب سے تجارت، کھیل، چیریٹی، میڈیا، انٹرٹینمنٹ، تعلیم اور بے لوث رضاکارانہ خدمات کے اعتراف میں دیئے جاتے ہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور پریسٹیجس اسپیشل ریکگنیشن ایوارڈ کثیر الثقافت کے فروغ کیلئے دیگر مذاہب کے لوگوں کوبھی دیا جاتا ہے سکھ ایوارڈ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جا رہا ہے اور پوری دنیا میں اسے وقار کی علامت تسلیم کیا جاتا ہے۔ اس تقریب کا اہتمام برطانیہ میں قائم عالمی تنظیم سکھ گروپ نے جے ڈبلیو میریٹ مارکیس ہوٹل میں 21 فروری کو کیا تھا، سکھ ایوارڈ کے بانی نو دیپ سنگھ نے گزشتہ روزسردار ڈاکٹر من موہن سنگھ کی رہائش گاہ انھیں یہ باوقار ایوارڈ پیش کیا ،ڈاکٹر من موہن سنگھ بھارت کے ماہر معاشیات، دانشور اور سیاستداں ہیں انھوں نے بھارت کے13ویں وزیر اعظم کی حیثیت سے 2004 سے2014تک بھارت کی خدمت کی وہ پہلے سکھ رہنما تھے جو مسلسل دو مرتبہ بھارت کے وزیر اعظم منتخب کئے گئے، وہ پاکستان کے پنجاب کے علاقے گاہ میں 26ستمبر 1932 میں پیداہوئے ،وہ 1947 میں اپنی فیملی کے ہمراہ بھارت کے شہر امرتسر پہنچے، انھوں نے ابتدائی تعلیم ہندو کالج اور اس کے بعدپنجاب یونیورسٹی میں حاصل کی، آکسفورڈ سے اکنامکس میں ڈاکٹریٹ کرنے کے بعد وہ 1966سے 1969 تک اقوام متحدہ میں کام کرتے رہے، سیاست کی ابتدا سے قبل وہ فارن ٹریڈ کی وزارت میں چیف اکنامک ایڈوائزر کی حیثیت سے کام کرتے رہے، وہ ریزرو بینک انڈیا کے گورنر اورپلاننگ کمیشن کے سربراہ بھی رہے، ایوارڈ وصول کرتےہوئے منموہن سنگھ نے کہا کہ یہ باوقار ایوارڈ وصول کرنا میرے لئے ایک اعزاز ہے دنیا کے بہت سے ممتاز سکھوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں یہ ایوارڈ دیا جاچکا ہے، سکھ گروپ جو کہ سکھ ڈائریکٹری، دی سکھ100،دی سکھ چیریٹی اور سکھ ایوارڈز پر مشتمل ہے کے بانی نودیپ سنگھ نے کہا کہ سکھ ایوارڈ ترقی کرتا رہے گا انھوں نے کہا کہ اس کیلئے پوری دنیا کے مختلف مذاہب کے معروف ماہرین پر مشتمل ججوں کا ایک غیر جانبدار متعلقہ فرد کو منتخب کرتا ہے، اس کثیر الثقافت عالمی تقریب کا مقصد مختلف شعبہ حیات میں سکھ کمیونٹی کی کامیابیوں کا اعتراف کرنا ہے، انھوں نے کہا کہ ہم دو اہم تقریبات کااہتمام کر رہے ہیں گرونانک دیو جی کی 550ویں سالگرہ کی تقریب اور اپنی تنظیم کی 10ویں سالگرہ، ایوارڈ دینے کے موقع پر وکرم جیت سہنے نے کہا کہ یہ اعزاز پوری دنیا کے سکھوں کی جانب سے بھارت کی معیشت کیلئے من موہن سنگھ کی خدمات کے علاوہ ان کے تدبر اور انکساری کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے ہرمیک سنگھ نے کہا کہ وہ سکھ گروپ اور معاشرے کی وسیع تر بھلائی کیلئے ہر ایک کو پلیٹ فارم پر لانے سے متعلق اس کے مقاصد کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ تقریب میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے 400 سے زیادہ مہمانوں نے شرکت کی جن میں کمیونٹی کے ہیروز کے علاوہ اسپورٹس کے اسٹارز، سلبرٹیز اور بھارت، کینیڈا، کینیا، برطانیہ اور امریکہ سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تازہ ترین