• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس سے بےفکر غیرملکی کرکٹرز سپر لیگ میں مصروف

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) پاکستان میں کورونا وائرس کیسوں کی تصدیق کے باوجود غیر ملکی کھلاڑی ریلکس انداز میں پاکستان سپر لیگ میں شریک ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ خطرے والی کوئی بات نہیں ہے۔ وزارت صحت کی مشاورت سے کورونا وائرس پر احتیاط برتی جارہی ہے۔ جمعرات کو نمائندہ جنگ نے ٹیم ہوٹل کا دورہ کیا جہاں غیر ملکی کھلاڑی معمول کے مطابق ریسٹورنٹ، سوئمنگ پول اور جمنازیم میں مصروف تھے۔ پی ایس ایل کی فرنچائز کا کہنا ہے کہ منتظمین کی جانب سے ہمیں کورونا پر کوئی ایڈوائس جاری نہیں کی گئی ہے۔ ٹورنامنٹ کے کسی سینٹر پر ہنگامی حالت نہیں ہے۔ پنڈی اسٹیڈیم میں کوئٹہ اور اسلام آباد کے میچ کے موقع پر تماشائیوں کی بڑی تعداد نے اسٹیڈیم کارخ کیا روایتی جوش وخروش اور شور شرابے کے ساتھ میچ دیکھا ۔ گرائونڈ میں کورونا وائرس کی بازگشت کم کم دکھائی دی۔ اسٹیڈیم میں ماسک بھی دکھائی نہیں دیئے۔ تین بجے کے بعد تماشائی لائن میں لگ کر اور سیکیورٹی سے گذر کر اسٹیڈیم پہنچے۔ اسلام آباد کی ٹیم پہلی بار ہوم گرائونڈ میں میچ کھیل رہی تھی اس لئے تماشائی ہوم ٹیم کو بھرپور سپورٹ کررہے تھے۔

تازہ ترین