• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کو ملکی تشخص پامال نہیں کرنے دینگے، فضل الرحمٰن

حکومت کو ملکی تشخص پامال نہیں کرنے دینگے، فضل الرحمٰن 


کراچی (اسٹاف رپورٹر/این این آئی) جمعیت علماء اسلام(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ نااہل حکومت کو ملک کا نظریاتی تشخص پامال نہیں کرنے دیں گے، نا اہل حکومت انسانی حقوق پامال کر رہی ہے، تنقید سے گھبراکر نا اہل حکومت اظہار رائے کی آزادی کا گلا گھونٹنا چاہتی ہے، دھمکیوں سے مرعوب ہونے والے نہیں، ہم ڈرتے نہیں، دوسروں کو مرعوب کرنے کا ہنر رکھتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامیہ کالج کراچی کے باہر چھ جماعتی اپوزیشن کے زیر اہتمام منعقدہ"تحفظ آئین پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے پشتونخوا میپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی، جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل شاہ محمد اویس نورانی، جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری، ناظم عمومی جمعیت علمائے اسلام سندھ مولانا راشد محمود سومرو، قومی وطن پارٹی کے رہنما احمد نواز خان، نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی، جمعیت اہلحدیث کے رہنما مفتی محمد یوسف قصوری، جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں محمد اسلم غوری، مولانا عبد الکریم عابد، قاری محمد عثمان، ڈاکٹر نصیر الدین سواتی، مولانا محمد غیاث ،سمیع سواتی ، امین اللہ ، شرف الدین اندھڑ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔مولانا فضل الرحمن نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ حکومت کی مادر پدر آزاد رویوں سے این جی اوز کو عورت مارچ جیسی خرافات کے ذریعے ہماری تہذیبی اقدار پر حملہ کرنے کا موقع مل رہا ہے، کارکنوں سے کہتا ہوں کہ ایسے فحاشی پھیلانے والے عناصر جہاں بھی نظر آئیں، ان کے بارے میں قانون کو مطلع کریں، قانون حرکت میں نہ آئے تو ہم روڈوں پر نکل کر دستور کی اسلامی شقوں کے تقاضوں کا تحفظ کریں گے اور کارکنوں کی قربانیاں ایسے عناصر کو روکیں گی، انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں نے ملکی معیشت کو تباہی سے دوچار کردیا ہے۔

تازہ ترین