• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیرون ملک سے آچکے مسافروں کی اسکریننگ 3 دن میں مکمل کی جائے، سیکرٹری ہیلتھ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے آنے والے مسافروں کی فہرستیں ضلعی انتظامیہ کو دےدی گئی ہیں اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ مسافروں کی اسکریننگ کا عمل 3 دن میں مکمل کیا جائے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایات پر اہم فیصلے کیے گئے ہیں جس کے مطابق حکومت پنجاب متاثرہ ممالک سے واپس آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کرے گی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر نےاحکامات جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ ممالک سے واپس آنے والے مسافروں کی تین روز میں اسکریننگ کرنے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن آغا نے بتایا کہ بیرون ملک سے آنے والوں کی فہرستیں ضلعی انتظامیہ کو دےدی ہیں،جبکہ متاثرہ ممالک کا سفر کرنے والوں کی اسکریننگ کے لیے متعلقہ ٹور آپریٹرز کی مدد بھی لی جائے گی۔

سیکرٹری ہیلتھ کئیر محمد عثمان کا کہنا ہے کہ 15 روز میں متاثرہ ممالک سے واپس آنے والوں کی اسکریننگ کی جائےگی، جبکہ پچھلے 15 روز میں واپس آنے والوں کے اہل خانہ کی اسکریننگ بھی کی جائےگی ۔

محمدعثمان نے کہا کہ متاثرہ ممالک سے آئے افراد میں بخار، سانس، نمونیا کی علامت ہوں تو فورا ان کوعلیحدہ کریں۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ صوبے میں تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، بلکہ اسکولوں کو بند کرنے کی بجائے آگاہی پھیلانے کے لیے استعمال کیا جائے۔

مومن آغا نے کہا کہ شہروں کی مارکیٹس کی صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔

دوسری جانب سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ حفاظتی ماسک کی قیمت کسی صورت نہ بڑھنے دے، عثمان آغا نے بتایا کہ ہم حفاظتی ماسک کی مزید خریداری اور پیداوار کے لیے بھی کوشش کر رہے ہیںْ۔

تازہ ترین