پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے پر خیبر پختون خوا ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کرایوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔
خیبر پختون خوا ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کے کرائے میں کمی کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں شہروں کے درمیان چلنے والی گاڑیوں کے کرائے میں 4 اعشاریہ 2 فی صد کمی کی گئی ہے۔
صوبائی وزیرِ ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد وزیر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کرایوں میں کمی ڈیزل کے نرخوں میں کمی کے تناسب سے کی گئی ہے، جس کا مقصد عوام کو فوری ریلیف دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں مختلف پیٹرول پمپس بند کردیئے گئے
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے آج (یکم مارچ) سے پیٹرول اور ڈیزل 5، 5 روپے فی لیٹر سستا کر دیا گیا ہے، جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 7، 7 روپے کی کمی کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق 5 روپے کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 111 روپے 60 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی نئی قیمت 122روپے 26 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق 7 روپے کمی کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 92 روپے 45 پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 77 روپے 51 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔