• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین کے منسوخ آرڈر پاکستان کو مل رہے ہیں: گورنر اسٹیٹ بینک


گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے چین کے آرڈر منسوخ ہو رہے ہیں جو اب پاکستان کو مل رہے ہیں۔

پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا رانا تنویر حسین کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے بتایا کہ چین اور ایران سے سپلائی لائن متاثر ہونے کی صورت میں اس کا پاکستان پر اثر ہو گا۔

اجلاس میں مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف نے ان سے سوال کیا کہ ہاٹ منی میں کس نے سرمایہ لگایا، نام بتائیں؟

گورنر اسٹیٹ بینک نے جواب دیا کہ سرمایہ کاری خفیہ ہوتی ہے ہم نام ظاہر نہیں کر سکتے، سرمایہ کاروں کا تحفظ کرنا ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ڈیفالٹ کی باتیں کرنیوالے اب خاموش ہیں، رضا باقر

خواجہ آصف نے کہا کہ میرے ریکارڈ تک تو ایف آئی اے سمیت ہر کسی کو رسائی ہے، ملک میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کس نے کی؟

گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے انہیں جواب دیا کہ یہ سوال دیگر ملکوں میں بھی سامنے آتا ہے، ہمیں علم ہوتا ہے کہ پیسہ کہاں سے یا کس ملک سے آ رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرمایہ کاری کے اصل بینیفشری کا پتہ لگانا مشکل ہوتا ہے، ہمیں عالمی قوانین پر عمل کرنا ہوتا ہے۔

تازہ ترین