• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی واپسی: فردوس اعوان نے برطانیہ کو خط لکھنے کی تصدیق کردی

فردوس اعوان نے نواز شریف کی واپسی کیلئے برطانوی حکومت کو خط لکھنے کی تصدیق کردی


وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس اعوان نے نواز شریف کی واپسی کے لیے برطانوی حکومت کو خط لکھنے کی تصدیق کردی۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نواز شریف کو واپس لانے کے لیے کاغذی کارروائی ضروری تھی۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے عدالتی سہولت کا غلط استعمال کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ حلف کی پاسداری کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف ضرور وطن واپس آئیں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔

اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیر وزیراعظم کی جانب سے غذائی اشیاء کی کم قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 وزیراعظم نے معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا جبکہ کابینہ نے یقین دلایا کہ عوام دوست پالیسیوں سے بہتری آرہی ہے۔

وزیراعظم نے اسکولوں میں بچوں کو جسمانی سزا کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اس کی روک تھام کے لیے وزارت انسانی حقوق کو قانون سازی کی ہدایت کی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام کی مشکلات کم کرنا وزیراعظم کی ترجیح ہے، اداروں کی بہتری سے عوامی زندگیاں بہتر ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیرعظم نے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ کرنے والوں کی سرکوبی کی جائے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے آئندہ 25 سال کی پالسیی بنانے کی ہدایت دے دی ہے اور کہا ہے کہ قلیل مدتی کے ساتھ ساتھ طویل مدتی پالیسیاں بھی بنائی جائیں۔

تازہ ترین