• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی شہریوں کو ایران داخلے کی اجازت، سعودی عرب کی مذمت

کراچی (نیوز ڈیسک) سعودی عرب کے سرکاری ذریعے نے ایران کی جانب سے، خصوصاً ایک ایسے وقت میں جب ایران میں کورونا وائرس کی وبا پھیل رہی ہے، سعودی شہریوں کے پاسپورٹ پر مہر لگائے بغیر اپنے علاقوں میں داخلے کی اجازت دینے کے غیر ذمہ دارانہ فعل کی مذمت کی ہے۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا انفیکشن میں اضافے اور پوری دنیا میں اس وائرس کو پھیلانے کیلئے ایران براہ راست ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرز عمل سے عالمی برادری کو صحت عامہ کا شدید خطرہ لاحق ہوگیا ہے جبکہ اس وائرس سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی کوششیں بھی کمزور پڑ گئی ہیں۔عہدیدار نے گزشتہ ہفتے ایران جانے اور واپس لوٹنے والے سعودی شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ اس معاملے کی فوری اطلاع دیں اور وزارت صحت سے رابطہ کریں تاکہ حفاظت کے ضروری اقدامات کے ذریعہ ان کی رہنمائی کی جاسکے۔ عہدیدار کا کہنا تھا کہ جو شہری اس بیان کی پیروی کرتے ہوئے 48 گھنٹوں میں ایران کے سفر کی اطلاع رضاکارانہ طور پر دیں گے وہ سفری دستاویزات قانون اور اس سے متعلقہ قواعد و ضوابط کے تابع نہیں ہوں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب یہ موقع فراہم کرکے اور کوئی بھی قانونی کارروائی کئے بغیر ان تمام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہتا ہے جو ایران کے دورے پر گئے تھے۔ عہدیدار نے مزید توثیق کی کہ سعودی شہری کسی بھی وجہ سے ایران کا سفر نہ کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جو لوگ ایسا کریں گے ان کے خلاف سنجیدہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عہدیدار نے ایرانی حکام سے فروری کی پہلی تاریخ سے غیرقانونی طور پر ایران جانے والے سعوی شہریوں کی شناخت بتانے کا مطالبہ کردیا۔
تازہ ترین