• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک ایران تجارتی سرگرمیاں 14 روز بعد بحال


بلوچستان کے ضلع تفتان میں پاک ایران بارڈر کو 14 روز کی بندش کے بعد تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھول دیا گیا۔

لیویز حکام نے تفتان میں پاک ایران سرحد 14 روز بعد تجارت کے لیے کھولنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں۔

مقامی انتظامیہ کی جانب سے بارڈر کے دروازے کھلنے کے بعد تجارت کی بحالی سے مال بردارٹریلرز کی آمدورفت شروع ہوگئی ہے۔

ایران میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد پاکستانی حکام نے حفاظتی انتظامات کے تناظر میں ایران سے آنے والے زائرین کی آمدو رفت بھی روک دی گئی تھی تاہم بعد میں انہیں پاکستان میں داخلے کی اجازت دی گئی۔

واضح رہےکہ تفتان بارڈر کے ذریعے ایران سے پاکستان آنے والے زائرین کو پاکستان ہاؤس میں قرنطینہ میں رکھا جارہا ہے جہاں اب تک 3 ہزار سے زائد افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جب کہ پاکستان ہاؤس بھرنے کے باعث دیگر لوگوں کو ٹاؤن ہال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب افغانستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد چمن پر پاک افغان بارڈر 6 روز سے بند ہے جہاں باب دوستی سے ہر قسم کی دوطرفہ آمدورفت معطل ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے حکام کا کہنا ہےکہ چمن سے پاک افغان سرحد اتوار تک کھلنے کا امکان ہے، سرحد کھلنےکے بعد افغانستان سے آنے والے افراد کی اسکریننگ ہوگی۔

تازہ ترین