• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیوس کپ: پاکستان اور سلوانیہ کے میچز کیلئے دو دن بڑھا دیئے گئے

پاکستان اور سلوانیہ کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی کیلئے دو دن بڑھا دیئے گئے، اب پانچ میچوں پر مشتمل مقابلے اتوار اور پیر کو کھیلے جائیں گے ۔

جنگ سے بات کرتے ہوئے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر عارف قریشی نے بتایا کہ پاکستان اور سلوانیہ کے درمیان ورلڈ گروپ پلے آف ڈیوس کپ کے میچز پاکستان میں 6 اور7 مارچ کو پی ایس بی کے گراس کورٹ پر کھیلے جانے تھے لیکن اسلام آباد میں ہونے والی شدید بارش کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان میچز نہیں ہوسکے۔

آئی ٹی ایف کے قانون کے مطابق اگر بارش یا کسی اور وجوہات کی بناء پر میچز پہلے دی گئی تاریخوں پر مکمل نہ ہوسکیں تو نتائج حاصل کرنے کیلئے مقابلے دو دن آگے بڑھائے جاسکتے ہیں۔ اس لئے میچز اب اتوار اور پیر کو کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اتوار کو بھی بارش کی پیش گوئی ہے اور دس بجے صبح تک بارش کا امکان ہے۔ ہم نے کورٹ کو کور کردیا ہے اور اگر بارش گیارہ یا بارہ بجے تک رک گئی تو باقی میچز کرالئے جائیں گے اور اگر اتوار کو بھی میچز نہیں ہوسکتے تو پیر کو بارش کا امکان نہیں ہے اس روز کسی بھی ایک ٹیم کی برتری تک مقابلے کرائیں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اعصام الحق اور عقیل خان سنگلز کیلئے بہترین چوائس ہیں لیکن اگر کوئی مسئلہ ہوا تو ٹائی سے قبل کسی بھی تبدیلی کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ ٹائی میں پاکستان کی کامیابی کے امکانات زیادہ ہیں۔ ہمارے کھلاڑیوں کو ہوم گراؤنڈ اور کراؤڈ کا بھرپور ایڈوانٹیج ہوگا۔ نان پلیئنگ کپتان مصحف ضیاء ہیں جبکہ کھلاڑیوں میں اعصام الحق، عقیل خان، مزمل مرتضیٰ، محمد عابد مشتاق اور ہیرا عاشق شامل ہیں۔

تازہ ترین