• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایکس کریش، کاروبار عارضی معطلی کے بعد پھر شروع


پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں نئے ہفتے کے آغاز پر شدید مندی کی وجہ سے مارکیٹ کریش کر گئی اور کاروبار 45 منٹ کے لیے روک دیا گیا جس کے بعد اس کا دوبارہ سے آغاز ہوگیا ہے۔

پی ایس ایکس میں کاروبار دوبارہ شروع ہونے کے بعد بھی شدید مندی کا رجحان برقرار ہے اور 100 انڈیکس 2240 پوائنٹس کمی کے بعد مزید نیچے  آگیا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق پی ایس ایکس میں کاروبار کے دوران 100 انڈیکس 6 اعشاریہ 23 فیصد کمی کے بعد ابھی 35979 کی سطح پر موجود ہے۔

اس سے قبل آج جب نئے کاروباری ہفتے کی ٹریڈنگ کا آغاز ہوا تو ٹریڈنگ کے دوران 5 اعشاریہ 8 فیصد سے زیادہ کمی کے بعد حصص کا کاروبار کچھ دیر کے لیے معطل کر دیا گیا تھا۔

پی ایس ایکس میں ہنڈریڈ انڈکس 2100 سے زیادہ پوائنٹس کمی سے 36 ہزار 200 سے بھی نیچے چلا گیا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں کمی کے عالمی معیشت پر منفی اثرات سامنے آ رہے ہیں۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 25 فیصد تک کم ہو گئی ہے اور ٹوکیو اسٹاک میں 5 فیصد سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ امریکا، آسٹریلیا، ہانگ کانگ اور شنگھائی اسٹاکس بھی بیٹھ گئی ہیں۔

تازہ ترین