• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ کو نواز شریف کی حوالگی کا خط نہیں لکھا،شہزاد اکبر

برطانیہ کو نواز شریف کی حوالگی کا خط نہیں لکھا،شہزاد اکبر


وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب اور امور داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ پاکستان نے برطانیہ کو نواز شریف کی حوالگی کا خط نہیں لکھا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ برطانوی حکومت کو جو خط لکھا گیا ہے، وہ صرف اس بات کی اطلاع کے لیے تھا کہ نواز شریف کی ضمانت میں پنجاب حکومت نے توسیع نہیں کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے حوالے سے برطانوی حکومت کو لکھے گئے خط کا تاحال کوئی جواب نہیں آیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ نوازشریف عدالت کے حکم اور اجازت سے لندن گئے تھے، سابق وزیراعظم وزٹ ویزے پر برطانیہ گئے، فارن آفس نے برطانوی حکام کو آگاہ کردیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم حقیقی معنوں میں سمجھتے تھے کہ نوازشریف کی حالت بہت خراب ہے، چار ماہ گزرنے کے باوجود انہوں نےعلاج نہیں کرایا۔

بیرسٹر شہزاد اکبر نے یہ بھی کہا کہ برطانوی حکومت کچھ نہیں کرتی تو حوالگی کی درخواست کرنا پڑےگی۔

انہوں نے ایسیٹ ریکوری یونٹ کے حوالے سے کہا کہ یہ رولز کے مطابق بنا ہے، کابینہ نے اس کی منظوری دی، ٹی او آر کے مطابق ایسیٹ ریکوری یونٹ کو ریکوری نہیں نشاندہی کرنی ہے، ڈیڑھ سال میں ایسیٹ ریکوری یونٹ نے کامیاب تحقیقات کی ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ایسیٹ ریکوری یونٹ کی تحقیقات پر ایف آئی اے اور نیب کو ریکوری کرنی ہے، ہم روایتی طریقے سے ہٹ کر کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف کام کرناپڑےگا، میں پوچھتا ہوں کہ آج سے پہلےکرپشن کیخلاف کتنی کمیٹیاں بنیں اور منظرعام پر لائی گئیں؟

تازہ ترین