• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیوس کپ: اعصام، عقیل کی شاندار کارکردگی، پاکستان نے سلوانیہ کو 0-3 سے ہرا دیا

اعصام الحق اور عقیل خان کی شاندار کارکردگی کے باعث پاکستان نے ورلڈ گروپ ون پلے آف ڈیوس کپ مقابلوں میں سلوانیہ کو 0-3 سے شکست دے کر گروپ میں اپنی پوزیشن مستحکم رکھی جبکہ سلوانیہ کی ٹیم شکست کے بعد گروپ ٹو میں چلی گئی۔

دونوں کھلاڑیوں نے نہ صرف سنگلز میں فتح حاصل کی بلکہ ڈبلز میں بھی شاندار کارکردگی کھاتے ہوئے ابتدائی دونوں سیٹ جیت کر ٹیم کو تین۔صفر کی برتری دلوائی اور مخالف ٹیم کے دو میچز کھیلنے کا موقع ملنے کے امکانات کو ختم کردیا۔

اسلام آباد کے پی ایس بی اسپورٹس کمپلکس کے گراس کورٹ پر کھیلی جانے والی ٹائی کے ابتدائی تین روز شدید بارش کے باعث مقابلوں کا انعقاد نہیں ہوسکا۔

چوتھے روز اعصام الحق نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد عمدہ فائٹ بیک کیا۔ گزشتہ روز کھیلے گئے سنگلز میں سلوانیہ کے نک رابورسیک کو اعصام الحق قریشی کے خلاف ابتدائی سیٹ کامیابی ملی لیکن اس کے بعد اعصام الحق نے اگلے دونوں سیٹ 7-5 اور 7-6 سے جیت کر پاکستان کو 1-0 کی برتری دلوائی اس کے بعد دوسرے سنگل میں بھی سلوانیہ کے بلاز کاوسک نے عمدہ آغاز کرتے ہوئے پہلا سیٹ 6-0 سے اپنے نام کرکے عقیل خان پر دباؤ بڑھایا لیکن عقیل خان نے اپنی عمدہ کارکردگی سے دوسرے سیٹ میں 7-6 سے فتح حاصل کی اور اگلے سیٹ میں 6-4 کامیابی حاصل کرکے 2-1 سنگلز میں فتح اپنے نام کی۔

دو۔صفر کی برتری کے بعد پاکستانی کھلاڑی ڈبلز میں چھا گئے۔ اعصام اور عقیل نے ڈبلز میں 6-3 اور 7-6 سے جیت کر ٹائی کا اسکور 3-0 کیا۔

سلوانیہ کی ٹیم پاکستان آکر ڈیوس کپ ٹائی کھیلنے والی یورپ کی پہلی ٹیم ہے۔ ڈیوس کپ ورلڈ گروپ ون پلے آف میں پاکستان کی اگلی ٹائی کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

تازہ ترین