• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں کورونا حفاظتی اقدامات، عوامی مقامات کی دھلائی شروع

محکمہ بلدیات پنجاب نے بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے حفاظتی اقدامات تیز کر دیئے،صوبے بھر میں درباروں، بس اسٹینڈیز، سبزی و فروٹ منڈیوں سمیت عوامی مقامات کی صفائی و دھلائی شروع کردی گئی ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے مویشی منڈیوں، ذبح خانوں، گوشت مارکیٹوں کی بھی خصوصی صفائی و دھلائی کا کام کیا جارہا ہے جبکہ عوامی مقامات پر کورونا وائرس سے متعلق آگاہی بینر آویزاں کردیئے گئے ہیں۔

سیکریٹری بلدیات پنجاب احمد جاوید قاضی کا کہنا ہے کہ محکمہ بلدیات پنجاب صوبے بھر میں کورونا مہم پر متحرک ہے، اس حوالے سے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو خصوصی ایس او پیز جاری کئے گئے ہیں۔

پنجاب کے سیکریٹری بلدیات احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ عوامی مقامات کو جراثیم سے محفوظ رکھنے کے لئے کلورین ملے پانی سے دھویا جا رہا ہے، اس کے علاوہ متعلقہ انتظامیہ بالخصوص ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو صفائی ستھرائی قائم رکھنے کے لئے پائیدار اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے لئے صاف ستھرے ماحول کو یقینی بنانا حکومت کی اہم ترین ترجیح ہے، کورونا سے تحفظ کے لئے تمام محکمے ایک اکائی کی صورت کام کر رہے ہیں۔

سیکریٹری بلدیات پنجاب نے کہا کہ کورونا مہم سے متعلق رہنمائی و شکایت کی صورت میں عوام متعلقہ کمشنر یا ڈی سی آفس میں رابطہ کریں ۔

تازہ ترین