• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین اور لاہور قلندرز کے فخر زمان کہتے ہیں کہ پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کے خلاف میچ میں ففٹی اسکور کرنے کے بعد خوشی ہے، کافی عرصے بعد اسکور کرکے اعتماد بحال ہوا ہے، کوشش ہوگی کہ اپنی کارکردگی میں تسلسل رکھتے ہوئےکراچی کے خلاف میچ میں بھی ایسی کارکردگی دکھاؤں۔

کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو میں فخر زمان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی زیادہ خوشی ہے کہ انہوں نے ایک ایسے وقت پر اسکور کیا جب ٹیم کو ضرورت تھی اور ان کی ٹیم کو ان کے رنز سے فائدہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ فخر زمان پاکستان سپر لیگ میں ابتدائی میچز میں بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے تھے جس کی وجہ سے انہیں تنقید کا بھی سامنا رہا تھا تاہم پشاور زلمی کے خلاف میچ میں انہوں نے 46  گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ بھی قرار پائے۔

فخر کا کہنا ہے کہ خواہش ہر میچ میں ہوتی ہے کہ لمبا اسکور کریں، آئندہ بھی یہی کوشش ہوگی کہ کارکردگی میں تسلسل رکھیں اور ایسا پرفارم کریں جس سے ٹیم کو فائدہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم مومینٹم حاصل کرچکی ہے، امید ہے کراچی کنگز کے خلاف بھی اچھے نتائج ہوں گے، لاہور قلندرز کی ٹیم ٹورنامنٹ میں پہلی بار بھرپور قوت کے ساتھ نظر آرہی ہے اور اس بار فاتحانہ انداز میں ٹورنامنٹ کا اختتام کریں گے۔

فخر زمان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ سے انہیں بھی فائدہ ہورہا ہے لیکن مجموعی طور پر اس کا پاکستان کرکٹ کو بہت فائدہ ہے کیوں کہ جب نوجوان ٹاپ اسٹارز کو اپنے سامنے کھیلتا دیکھیں گے تو ان میں بھی کرکٹ کا شوق پیدا ہوتا ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس بار سارے میچز پاکستان میں ہورہے ہیں اور بھرپور کراؤڈ آرہا ہے جس سے لیگ کا مزہ دوبالا ہوگیا ہے۔

انتیس سالہ بیٹسمین نے کہا کہ کرس لین اور بین ڈنک سے وہ بھی بہت کچھ سیکھنے کی کوشش کررہے ہیں اور ان سے بیٹنگ کو مزید بہتر کرنے کے لیے  بہت سی باتیں پوچھی ہیں، یہ بھی پوچھاہے کہ آسٹریلیا میں کس طرح کی وکٹ پر کس طرح پرفارم کرنا ہے کیوں کہ ان کو وہاں کی ہر کنڈیشن کا اندازہ ہے۔ 

فخر زمان نے کہا کہ بین ڈنک نے ان کو اچھی ہٹس لگانے کے حوالے سے بھی مشورے دیئے جن پر وہ عمل کررہے ہیں ۔

تازہ ترین