• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں پاک۔بنگلادیش میچز کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کراچی میں بغیر تماشائیوں کے کرانے کے بعد کراچی میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان میچز کا انعقاد بھی خطرے پر پڑ گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سی ای او وسیم خان کا کہنا ہے کہ فیصلہ آئندہ 24 گھنٹوں میں کیا جائے گا۔

دوسری جانب پی سی بی ون ڈے کپ کے میچز بھی کراچی سے کسی دوسرے شہر منتقل کئے جاسکتے ہیں۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ون ڈے یکم اپریل اور ٹیسٹ 5 اپریل سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈولڈ ہے لیکن کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر ان میچز کا انعقاد کراچی میں مشکل نظر آرہا ہے۔

پی سی بی کے سی ای او وسیم خان نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، آئندہ چوبیس گھنٹوں میں اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

وسیم خان نے کہا کہ عوام کی زندگی اولین ترجیح ہے، سندھ حکومت نے پی سی بی کو اپنے فیصلہ سے آگاہ کیا کہ پی ایس ایل کے کراچی میں شیڈولڈ میچز بغیر تماشائیوں کے کرائے جائیں، سندھ حکومت کے فیصلہ کو تسلیم کرتے ہوئے ہم نے میچز بغیر تماشائی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ون ڈے کپ کے میچز بھی 25 مارچ سے کراچی میں ہورہے ہیں ممکن ہے کہ اس حوالے سے بھی کوئی فیصلہ کیا جائے۔

تازہ ترین