• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران سے آنیوالے زائرین کو براہ راست انکے صوبوں میں بھیجا جائے،مرکزی انجمن تاجران

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے رہنماؤں نے زائرین کو ایک ہفتہ کے اندر ان کے صوبوں میں نہ بھیجے جانے کی صورت میں بلوچستان بھر میں شٹر ڈاؤن اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کا عندیہ دیدیا ۔ مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے مرکزی صدر عبدالرحیم کاکڑ ، نائب صدر حضرت علی اچکزئی ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری یٰسین مینگل ، حاجی نقیب اللہ کاکڑ ، سید تاج آغا ، حاجی ظفر ، شراف الدین اچکزئی و دیگر نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایران سے آنے والے زائرین جن کا تعلق دیگر صوبوں سے ہے انہیں بارڈر پار کرتے ہی انکے صوبوں کو بھیجے کیونکہ زائرین ایران میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں سے ہوکر آرہے ہیں ان کی بلوچستان میں موجودگی سے خدشہ ہے کہ یہ وائرس صوبے بھر میں پھیل جائے گا ، صوبے کے عوام جو پہلے ہی پینے کے صاف پانی ، بجلی ، گیس اور صحت جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ایسے میں وائرس کے ہزاروں مشتبہ افراد کو یہاں رکھنا خطرے سے خالی نہیں ،جبکہ کوئٹہ میں کرونا وائرس کے کیس رپورٹ ہونے کے بعد لوگوں میں تشویش پائی جاتی ہے ، انہوں نے کہا کہ ایسے لگ رہا ہے کہ حکومت کی نظریں کرونا وائرس سے نمٹنے پر نہیں بلکہ آئی ایم ایف کی وائرس سے نمٹنے کے لئے مختص پچاس ارب ڈالر پر لگی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سینکڑوں کی تعداد میں ڈاکٹر ، ٹیکنیشن ، ڈسپنسرز کے پاس وائرس سے بچنے کے مکمل آلات اور وسائل تک نہیں ایسے میں خدشہ ہے کہ بلوچستان میں اگر وائرس پھیل گیا تو سندھ اور پنجاب میں بلوچستان کے لوگوں کو داخل نہیں ہونے دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد کی بندش ہمارا معاشی قتل ہے سرحد کی بلاجواز بندش سے دونوں جانب لوگ پریشان اور کاروباری سرگرمیاں بند ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے متاثرہ مشتبہ افراد کی خیمہ بستی ہزار گنجی میں بنائی گئی ہے جس پر بلوچستان حکومت نے خاموشی اختیار کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تعلیمی ادارے جو یکم مارچ کو کھلنے تھے انہیں بلاجواز بند کیا گیا ہے جبکہ ملک کے دیگر صوبوں میں تعلیمی ادارے کھلے ہیں ، پی ایس ایل کے میچز بھی ہورہے ہیںانہوں نے مطالبہ کیا کہ ایران سے آنے والے زائرین جن کا تعلق بلوچستان سے نہیں انہیں فوری طور پر سی 130 جہاز کے ذریعے اپنے اپنے صوبوں کو بھیجا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر زائرین کو اپنے اپنے صوبوں کو نہ بھیجا گیا تو صوبے بھر میں شٹر ڈاؤن کیا اور وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا ۔
تازہ ترین