• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس کا خوف، نومی کیمبل جہاز میں صفائی کرنے لگ گئیں


کورونا وائرس نے جہاں دنیا بھر کو اپنے خوف میں مبتلا کر رکھا ہے وہیں ماڈلز اور اداکار بھی اس سے بچنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہے ہیں، سپر ماڈل اور اداکارہ نومی کیمبل بھی ایسے ہی کچھ اقدامات کرتی نظر آئیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نومی نے اپنی کچھ تصاویر پوسٹ کیں جن میں وہ ایئرپورٹ جاتی ہوئی نظر آرہی ہیں، نومی نے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے مکمل حفاظتی لباس، گاگلز اور دستانے پہن رکھے ہیں۔

بعد ازاں انہوں نے یوٹیوب پر اپنی ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں انہوں نے دوران سفر اپنے معمولات کے بارے میں بتایا۔

ویڈیو میں نومی جہاز میں سوار ہونے کے بعد اپنی سیٹ کو مکمل طور پر سینی ٹائزڈ وائپس سے صاف کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

ویڈیو میں وہ بتا رہی ہیں کہ وہ ہر سفر میں ایسے ہی کرتی ہیں، ’مجھے کوئی پروا نہیں کہ لوگ مجھے یہ سب کرتے دیکھ کر کیا سوچتے ہوں گے۔ یہ میری صحت ہے اور میں یہ سب اپنی بہتری کے لیے کرتی ہوں‘۔