• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹوئٹر کا پوری دنیا میں موجود دفاتر بند کرنے کا اعلان

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے کورونا وائرس کے خوف کے باعث پوری دنیا میں موجود اپنے دفاتر کو بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

پوری دنیا میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے خوف کے باعث ٹوئٹر انتظامیہ نے دنیا بھر میں قائم اپنے تمام دفاتر بند کر دیئے ہیں اور تمام ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ٹوئٹر انتظامیہ کے مطابق اس سے قبل ہانگ کانگ، جاپان اور جنوبی کوریا کے تمام ملازمین کو دفتر نہ آنے اور گھروں میں رہ کر کام کرنے کی ہدایت کی گئی تھی مگر کووڈ-19 کے پھیلنے کے خدشے کے باعث تمام دفاتر کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔

ٹوئٹر انتظامیہ نے کہا کہ ملازمین کے معاہدے، کام کرنے کے گھنٹے اور دیگر خدمات کا معاوضہ ویسے ہی دیا جائے گا جیسے دفاتر آنے پر دیا جارہا تھا۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس سے 125 ممالک میں 4 ہزار 969 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ دنیا بھر میں اس وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 34 ہزار سے زائد ہو گئی۔