لاہور(خالد محمود خالد)بھارت نے ایک ایرانی باشندے کو بغیر پاکستانی ویزے کے واہگہ بارڈرکے راستے پاکستان بھیج دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی شہری میر سبحان شاہدی جو کہ امرتسر سے اٹاری پہنچا تھا اور پاکستان جانا چاہتا تھا اس نے بھارتی امیگریشن حکام سے اپنی خواہش کا اظہار کیا۔ بھارتی حکام نے جان بوجھ کر اسے پاکستانی سرحد پر بھیج دیا جہاں پاکستانی رینجرز کے حکام نے اس کا پاسپورٹ چیک کیا تو اس پر پاکستانی ویزہ نہیں تھا۔ اس سے استفسار کیا گیا کہ بغیر ویزے کے اسے بھارتی حکام نے کلیئرنس کیسے دی تو وہ اس کا کوئی جواب نہ دے سکا۔ پاکستانی رینجرز کے حکام نے میر سبحان شاہدی کو فوری طور پر واپس بھارت بھیج دیا ۔ اٹاری سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بھارت نے شاہدی کو صرف اس وجہ سے پاکستان کی طرف بھیج دیا کہ اس پر کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کا شبہ تھا۔