• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عبد الرزاق کی PCB کو اچھے آل راؤنڈر فراہم کرنے کی پیشکش

سابق ٹیسٹ کرکٹ آل راؤنڈر اور پی ایس ایل کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلنگ کوچ عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ پی سی بی ان کی خدمات لے تو وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے اچھے آل راونڈر پاکستان کو فراہم کرسکتے ہیں پاکستان ٹیم میں اس وقت ہارڈ ہِٹر کی کمی ہے ۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اجرک پہنے عبدالرزاق نے میڈیا سے گفتگو کی۔ یہ سندھی اجرک کا تحفہ کراچی پریس کلب کی جانب سے عبدالرزاق کو دیا گیا تھا ۔

عبدالرزاق نے کہا کہ پی ایس ایل کامیابی کی طرف جارہی تھی لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے متاثر ہورہی ہے، دنیا میں اسپورٹس کی سرگرمیاں بند ہوچکی ہیں لیکن پی سی بی کا اچھا قدم ہے کہ پی ایس ایل کو مکمل کرارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل فائیو میں کوئٹہ کی خراب کارکردگی کا ذمہ دار ٹریولنگ شیڈول کو قرار نہیں دیں گے۔ یہ ٹی ٹوئِنٹی کرکٹ ہے پچھلے چار سال سے ہم پی ایس ایل میں ٹاپ پر فِنش کرتے تھے لیکن اس بار ٹیم نے اچھا نہیں کھیلا ۔

انہوں نے کہا کہ ان شکست سے ہمیں سیکھنے کا موقع ملے گا امید ہے آئندہ ایونٹ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

عبدالرزاق نے کہا کہ امیدیں اب بھی روشن ہیں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔

ایک سوال پر عبدلرزاق نے کہا کہ اگر انہیں پی سی بی موقع دیا تو وہ پاکستان ٹیم کیلئے بہترین آل راونڈر نکال سکتے ہیں۔

 عبدالرزاق ایک کامیاب آل راؤنڈر رہے ہیں آل راؤنڈر کوچ کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ وہ بیٹسمین اور بولرز دونوں کو کوچنگ کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  اگر کوچنگ کا موقع ملا تو ہارڈ ہِٹر کھلاڑی سامنے لاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرن سیمی کہتے ہیں کہ انہوں نے رزاق کو دیکھ کر ہیٹنگ کرنا سیکھی جب وہ انہیں دیکھ کر سیکھ سکتا ہے تو میری کوچنگ میں کھلاڑی کتنا زیادہ سیکھ سکتے ہیں۔

 حسن علی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کرکٹ کا کھیل پوری توجہ مانگتا ہے جب آپ توجہ کرکٹ کے بجائے دوسرے کاموں میں کریں گے تو اس کا برا اثر کرکٹ پر پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو یہ سیکھنا چاہیے کہ کرکٹ میں صرف پیسہ ہی نہیں ہے محنت کر کے ہی کوئی اچھا کرکٹرز بن سکتا ہے ، عبدالرزاق نے امید ظاہر کی کہ جلد پوری دنیا کورونا وائرس سے نجات پالے گی اور کھیلوں کی سرگرمیاں پھر سے شروع ہوجائیں گی۔

تازہ ترین