• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد آؤٹ، دلچسپ مقابلے میں کراچی کامیاب

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اہم گروپ میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اس شکست کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پی ایس ایل فائیو سے باہر ہوگئی۔

کراچی کنگز نے 137 رنز کا ہدف آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

زیادہ تر غیر ملکی کھلاڑیوں کے اپنے وطن لوٹنے کے بعد کراچی کنگز میں صرف تین اور اسلام آباد یونائیٹڈ میں 2 غیر ملکی کھلاڑی کھیل رہے ہیں۔

یونائیٹڈ کی ٹیم نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا، لیکن کراچی کنگز کے بولرز نے زبردست کم بیک کیا اور پھر اسلام آباد یونائیٹڈ کو کھل کر کھیلنے ہی نہ دیا۔

فل سالٹ اور رضوان حسین کی جوڑی نے 35 رنز کا آغاز تو فراہم کیا لیکن یہ آغاز اسلام آبا یونائیٹڈ کو زیادہ اسکور کرنے میں معاون ثابت نہ ہوسکا۔

پہلے رضوان حسین 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے پھر 59 کے مجموعے تک لے جانے والے فل سالٹ بھی 25 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

ایسے میں ایک جانب جہاں حسین طلعت نے اینڈ کو سنبھالا وہیں انہوں نے رنز بنانے کی رفتار کو بھی برقرار رکھا۔

شاداب خان 79 کے مجموعے پر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کولن انگرام نے حسین طلعت کا ساتھ دیا، تاہم 97 کے مجموے پر حسین طلعت بھی آؤٹ ہوگئے جنہوں نے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔

حسین طلعت کے بعد آصف علی سے کچھ امیدیں تھیں لیکن وہ بھی صرف 2 رنز بنانے کے بعد 100 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔

کولن انگرام کے 14، فہیم اشرف کے 12 اور ظفر گوہر کے 13 رنز کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 136 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

کراچی کنگز کی جانب سے عمید آصف، کرس جورڈن، عماد وسیم، ارشد اقبال اور افتخار احمد ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

ہدف کے تعاقب میں شرجیل خان اور بابر اعظم نے شاندار آغاز کیا، محمد موسیٰ کے پہلے ہی اوورز میں 20 رنز لینے کے بعد کراچی کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے حوصلے بلند ہوگئے۔

شرجیل خان کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت کراچی نے ابتدائی 5 اوورز میں ہی 60 رنز بنالیے تھے، تاہم اسی اسکور پر جارح مزاج شرجیل خان عاکف جاوید کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اس وکٹ کے ساتھ ہی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے میچ پر گرفت مضبوط کی اور اپنی نپی تلی بولنگ کی بدولت کراچی کنگز کے کسی بھی بیٹسمین کو آزادی کے ساتھ کھیلنے نہیں دیا۔

اننگز کے 17ویں اوور میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں سے اس وقت میچ نکل گیا جب رومان رئیس کی مسلسل دو گیند پر چیڈوک والٹن نے پہلے چوکا اور پھر چکھا لگا کر میچ کو کراچی کنگز کے پلڑے میں ڈال دیا۔

چیڈوک والٹن تو آؤٹ ہوگئے لیکن پھر عمید آصف نے شاداب خان کی گیند پر چھکا لگا کر یونائیٹڈ کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

عمید آصف نے آخری اوور میں رومان ریئس کی گیند پر چوکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

میچ میں دھواں دار بیٹنگ کرنے پر شرجیل خان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

تازہ ترین