• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لین کی سنچری، سلطانز کو شکست دے کر قلندرز سیمی فائنل میں پہنچ گئے

لین کی سنچری، سلطانز کو شکست دے کر قلندرز سیمی فائنل میں پہنچ گئے


لاہور قلندرز نے کرس لین کے شاندار سنچری کی بدولت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ڈو اینڈ ڈائی گروپ مقابلے میں ملتان سلطانز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اس فتح کے ساتھ ہی لاہور قلندرز کی ٹیم پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلی بار دوسرے مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ لاہور قنلدرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز کے اوپنرز معین علی ایک اور ذیشان اشرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد کپتان شان مسعود اور روی بوپارا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 75 رنز کی پارٹرنرشپ قائم کی۔

کپتان شان مسعود42 رنز بنانے کے بعد 79 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے، جبکہ 90 کے مجموعے پر 33 رنز بنانے والے روی بوپارا بھی آؤٹ ہوگئے۔

ایسے میں خوش دل شاہ نے 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 29 گیندوں پر 70 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کیا۔

ان کا ساتھ پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر نے دیا جنہوں نے 17 گیندوں پر 24 رنز کی اننگز کھیلی۔

ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئی۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے اوپنر کرس لین نے فخر زمان اور کپتان سہیل اختر کے ساتھ مل کر ملتان سلطانز کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔

کرس لین نے فخر زمان کے ہمراہ 100 رنز کی پارٹنر شپ بنائی اور اس کے بعد کپتان سہیل اختر کے ساتھ 91 رنز کی ناقابل شکست پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

لین نے 55 گیندوں پر 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 113 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ فخر زمان نے 57 اور سہیل اختر نے 19 رنز بنائے۔

لاہور  قلندرز نے 187 رنز کا ہدف باآسانی 19ویں اوور  کی پانچویں گیند پر حاصل کرلیا۔

کرس لین کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر میچ آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

قلندرز نے پہلی مرتبہ دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے جبکہ 17 تاریخ کو دوسرے سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ کراچی کنگز سے ہوگا۔

تازہ ترین