• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل: گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آخری گروپ میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف دے دیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

اننگز کے آغاز میں گلیڈی ایٹرز کے نسیم شاہ نے جارح مزاج شرجیل خان کو بولڈ کرکے ٹیم کو پہلی کامیابی دلوادی، جبکہ اس کے بعد کپتان بابر اعظم اور افتخار احمد نے اسکور کو آگے بڑھایا۔

دونوں بلے بازوں نے 30 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، تاہم اس مجموعے پر افتخار احمد 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

کنگز کا اسکور 72 تک پہنچا تو 32 رنز بنانے والے کپتان بابر اعظم بھی پویلین لوٹ گئے۔

ایسے میں 62 رنز کی اننگز کھیلنے والے کیمرون ڈیلپورٹ نے 26 رنز بنانے والے چڈوک والٹن کے ہمراہ 73 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کو 150 کے مجموعے تک پہنچا دیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ 2 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔

یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 20 گیندوں پر یہ ہدف پورا کرتی ہے تو وہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی، تاہم ایسا قانونی رو سے ممکن دکھائی نہیں دیتا اور گلیڈی ایٹرز کی ٹیم اپنی بیٹنگ سے قبل ہی ایونٹ سے باہر ہوگئی۔

تازہ ترین