• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل میں نئی ٹیموں کا اوپر آنا اچھی بات ہے، وقار یونس


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ اور فاسٹ بولر وقار یونس کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ سے پاکستان کرکٹ کیلئے بہت سا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، جوں جوں لیگ بڑی ہوتی جائے گی، پاکستان کرکٹ اس سے مستفید ہوتا رہے گا۔اس بار پی ایس ایل میں نئی ٹیمیں اوپر آئی ہیں جو اس لیگ کیلئے اچھی بات ہے۔

کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو میں وقار یونس کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کا پاکستان میں ہونا اور کامیابی سے سارے میچز ہونا بہت بڑی بات ہے، پاکستانی فینز نے سارے شہروں میں ہاؤس فل میچز بنائے، ان کو بڑا کریڈیٹ جاتا ہے، ملک میں ایسا شاندار ٹورنامنٹ اس سے قبل نہیں دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن نے پاکستان کرکٹ میں نئی روح پھونک دی ہے، پچھلے دس سال میں پاکستان کرکٹ نے بہت سہا ہے، یو اے ای کو جتنا گھر کہہ لیں، وہ نہیں تھا، وہاں کھیلنا مشکل تھا۔ جس پُراعتماد انداز میں کھلاڑیوں نے پاکستانی سرزمین پر کھیلا، ایسا اعتماد یو اے ای میں نظر نہیں آتا تھا۔

سابق کپتان اور کرکٹ کمنٹیٹر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں ہمیشہ کوئی نہ کوئی ٹیلنٹ نظر آتا ہے، یہاں سے جو پلیئرز ملیں گے وہ طویل مدت تک پاکستان کی خدمت کرسکتے ہیں۔

پی ایس ایل فائیو میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے بالنگ کوچ کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی نے اپنی بالنگ کو کافی بہتر کیا ہے، جبکہ دلبر حسین نے بھی اچھی بولنگ کی جبکہ بیٹنگ میں روحیل نذیر اور حیدر علی نے اپنا ٹیلنٹ منوایا۔

وقار یونس نے کہا کہ وہ لاہور میں رہتے ہیں اس لئے ان کی خواہش ہے کہ لاہور پی ایس ایل جیتے، اس بار لاہور کی ٹیم فارم میں بھی نظر آرہی ہے، پچھلے 4 سال اس ٹیم نے بہت مشکل میں گزارے، اس بار اچھا کھیل رہی ہے۔ 

ایک سوال پر سابق فاسٹ بولر نے اعتراف کیا کہ کرکٹ کے متعدد مختصر فارمیٹس کی وجہ سے ون ڈے کرکٹ کا مزہ خراب ہوا ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ ون ڈے پرجوش بنانے کیلئے اس میں جدت پیدا کی جائے، ایک ساتھ پچاس اوور کی بجائے ٹیسٹ میچز کی طرح دو، دو اننگز کرائی جائے جس میں فی اننگز 20، 20 اوور کی ہو۔ ایک ٹیم پہلے 20اوور کھیلے ، پھر دوسری ٹیم ۔ اور اگلی 20 اوور کی اننگز میں پہلی اننگز کے رنز کیری فارورڈ کرے۔

تازہ ترین